عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بالی وُڈ کے مشہور و محبوب اداکار دھرمیندر کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ دھرمیندر کے دنیا سے رخصت ہونے سے ہندوستانی فلم انڈسٹری نے اپنے سب سے کامیاب اور بے مثال فنکاروں میں سے ایک کو کھو دیا ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ دھرمیندر ایک ایسے عظیم فنکار تھے جنہوں نے اپنی شاندار اداکاری، کردار نگاری اور لازوال فلموں کے ذریعے نہ صرف ہندوستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی شائقین کے دل جیتے ۔ متعدد دہائیوں پر محیط ان کے فلمی سفر نے انہیں ہر دور کا پسندیدہ فنکار بنایا۔ ادھر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنے تعزیتی بیان میںکہا کہ دھرمیندر نہ صرف ہندستانی فلم انڈسٹری کے ایک ناقابلِ فراموش سپر اسٹار تھے بلکہ ہندوستانی سینما کی اجتماعی یادداشت کا ایسا حصہ تھے جسے کبھی مٹایا نہیں جا سکتا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ دھرمیندر نے اپنے شاندار فلمی کیریئر میں ہندوستانی سینما کو ایک ایسا سنہری دور دیا، جس کا کوئی متبادل نہیں۔ ان کی اداکاری، ان کا حسنِ اخلاق اور ان کی مقبولیت آنے والی نسلوں تک یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دھرمیندر جیسے فنکار صدیوں میں ایک بار پیدا ہوتے ہیں اور ان کا انتقال پورے ملک کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے ۔