سرینگر//جمعیت اہلحدیث کے صدر مولانا غلام محمد بٹ نے کہا ہے کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے کا حالیہ ٹرمپ اعلانیہ اُس کے زوال کا پیش خیمہ ثابت ہوگا اور دنیا کے اُن سبھی امن پسند ممالک جنہوں نے امریکہ سے اپنے مفادات کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے حق وانصاف کا ساتھ دیتے ہوئے اس فیصلے کیخلاف ووٹ دیا ٗکو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔مولانا جمعیت کی مرکزی مجلس مشاورت کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے ، جوجمعیت ہیڈ کوارٹر پر منعقد ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک جابر وظالم قوت کے سامنے انہوں نے گھٹنے نہ ٹھیک کر مظلوم کی نہ صرف حمایت کا اعلان کیا بلکہ اُس پر ہورہے جو روظلم کے خلاف بھی ایستادہ ہوئے ۔موصوف نے مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے کہا کہ یہ مسئلہ بھی مسلسل جنوبی ایشیا کے امن کیلئے خطرہ بنا ہوا ہے اور اس حوالہ سے جاری جدوجہد کو دبانے کا ہرحربہ ناکام ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی برادری اس سلگتے مسئلے کے حل کیلئے بھی اپنا کردار ادا کرے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر عبداللطیف الکندی نے جمعیت کی ملی ، فلاحی اور دینی خدمات کا خلاصہ کرتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی بقا اور اُمت مسلمہ کی سیرت سازی ہمارا موقف ومنشور ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارادستور العمل بس قرآن وسنت ہونا چاہئے اور اس پیام رحمت کو عام کرنا جمعیت کا مقصد ہے۔ریاست کے تینوں خطوں سے آئے اس نمائندہ اجلاس سے نائب صدر مولانا مشتا ق احمد ویری ،منیر احمد سلفی ، ماسٹر محمد یوسف بٹ ، مولانا عبدالوارث، پروفیسر ظہور احمد شاہ ، مولانا غلا م محمد میر، مولانا عبدالحمید شاہ اور دیگر کئی معززین نے بھی خطاب کیا۔