سرینگر //فردوس آباد بٹہ مالو میں ڈرنیج سسٹم کا ناقص نظام لوگوں کیلئے باعث پریشانی بنایا ہوا ہے ۔مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ معمولی بارشوں کے نتیجے میں یہاں کے گلی کوچے پانی سے بھر جاتے ہیں جس سے نہ صرف عام لوگوں کو بلکہ طلاب کو بھی عبور ومرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ 2014میں آئے تباہ کن سیلاب سے جہاں ہر سو تباہی ہوئی وہیں فردوس آباد بٹہ مالوکی پوری بستی سیلابی پانی سے متاثر ہوئی۔ سیلابی پانی سے نہ صرف ڈرنیج سسٹم ناکارہ ہو گئے بلکہ نالیاں بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئیں لیکن تب سے اب تک متعلقہ انتظامیہ نے نہ ہی ڈرنیج نظام کی کوئی صفائی کی اور نہ ہی مین ہول تبدیل کئے گئے جس کی وجہ سے بند پڑی نالوں سے پانی کی نکاسی ناممکن بن گئی ہے اور مکانوں سے نکلنے والی گندگی باہر آرہی ہے جس سے وہاں بدبھو پھیل رہی ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر ایسا ہی چلتا رہا تو پورے علاقے میں وبائی بیماریاں بھی پھوٹ پڑنے کا اندیشہ ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق انہوں نے اس حوالے سے کئی مرتبہ متعلقہ حکام کو بھی آگاہ کیا لیکن اس طرح کوئی بھی دھیان نہیں دیا جا رہا ہے ۔لوگوں نے متعلقہ ممبر اسمبلی بٹہ مالو پر الزام عائد کیا کہ وہ صرف الیکشن کے دوران ہی علاقے میں نظر آئے تھے اور اب تین سال گزر گئے لیکن اُن کا دیدار لوگوں کو نہیں ہو رہا ہے ۔لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ فردوس آباد کی بستی کی طرف دھیان دے کر لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے تاکہ آئندہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔