ایجنسیز
پیرس //فرانس میں قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے ووٹنگ جاری ہے۔ ووٹنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے ہوا جو دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں میں شام 6 بجے تک جبکہ بڑے شہروں میں رات 8 بجے تک جاری رہے گی۔انتخابات میں کل 577 نشستوں کے لیے مقابلہ جاری ہے اور 4 کروڑ 93 لاکھ شہری ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں جبکہ پارلیمانی انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے کسی بھی جماعت کو کم از کم 289 نشستیں حاصل کرنی ہوں گی۔ 30 جون کو ہونے والے فرانسیسی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ایگزٹ پول نتائج کے مطابق انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی 34 فیصد ووٹوں کے ساتھ پہلے، بائیں بازو کی جماعت پاپولر فرنٹ 28.1 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور صدر میکرون کی جماعت 20.3 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی تھی۔ فرانسیسی پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اگر انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی مطلوبہ اکثریت لینے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو یہ دوسری جنگ عظیم کے بعد فرانس میں دائیں بازو کی کسی بھی جماعت کی پہلی حکومت ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق انتخابات کے پہلے مرحلے کے دوران ایسے حلقے جہاں کوئی امیدوار واضح برتری حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا تھا وہاں تین جماعتوں میں ووٹوں کی تقسیم کا فائدہ نیشنل ریلی کو ہوا۔