ہرارے/بلاوائیو میں کھیلے جانے والے 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستانی اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا اور متعدد ریکارڈ اپنے نام کیے۔فخر زمان نے زمبابوے کے خلاف نہ صرف 210 رنز بنائے بلکہ وہ ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بھی بن گئے۔اس سے قبل پاکستانی اوپنر سعید انور نے ون ڈے میں 194 رنز اسکور کیے تھے، سعید انور کی جانب سے بنایا گیا یہ ریکارڈ 21 برس تک ان کے پاس رہا، جسے آج نوجوان کھلاڑی نے توڑ دیا۔چوتھے ون ڈے میں پاکستان نے عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا اور دونوں اوپنرز نے 304 رنز بنا کر ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت بھی قائم کی۔میچ میں دونوں نوجوان کھلاڑیوں نے نہ صرف پہلے پاکستان کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت 228 رنز کا ریکارڈ توڑا بلکہ ون ڈے کرکٹ میں اوپننگ کا سب سے بڑا ریکارڈ 286 بھی توڑ دیا۔اس کے علاوہ میچ میں پاکستانی ٹیم نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی بنایا۔