نیوز ڈیسک
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹرفاروق عبداللہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ حکومت کو اس بات کی تحقیقات کرنی چاہئے کہ امرناتھ گھپا کے قریب انتہائی غیر محفوظ علاقے میں خیمے اور کمیونٹی کچن کیسے لگائے گئے، جو جمعہ کو سیلاب کی زد میں آ گئے تھے۔
عبداللہ نے 18 جولائی کے صدارتی انتخابات کے لیے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یشونت سنہا سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا، ’’ہمیں امید ہے کہ حکومت یہ جاننے کے لیے ایک تحقیقاتی کمیشن بنائے گی کہ یہ کیسے ہوا اور کیوں ہوا‘‘۔انہوں نے ایسے غیر محفوظ علاقے میں خیمے اور “لنگر” (کمیونٹی کچن) لگانے کے فیصلے پر سوال اٹھایا۔عبداللہ نے کہا”خیموں اور لنگروں کی جگہ ایسی ہے کہ مجھے نہیں لگتا کہ یہ چیزیں پہلے وہاں کی گئی تھیں، پنجترنی اس کے لیے بہت اچھا علاقہ ہے۔ اس کی تحقیقات کی ضرورت ہے، ہوسکتا ہے کہ یہ انسانی غلطی ہو،‘‘ ۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے اور اس طرح کے واقعات دوبارہ رونما نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔