عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع مجسٹریٹ کشتواڑنے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث صحافی پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔اس سلسلے میں ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہاگیا ہے کہ مختلف سماجی رابطہ ویب سائٹس پر ضلع میں کچھ افراد فرضی خبریں پھیلا رہے ہیں اور سرکاری کام کاج میں خلل پیدا کر رہے ہیںجس پر کاروائی ضروری ہے ۔حکم نامہ کے مطابق ضلع کشتواڑ کے مختلف حلقوں سے یہ شکایات موصول ہوئی تھیں کہ اس ضلع میں کام کرنے والے کچھ میڈیا پرسن جھوٹی خبریں پھیلانے اور عوام کو بدنام کرنے میں ملوث ہیں جسے حکومت کی شبیہ کے ساتھ ساتھ حکومتی کاموں کو آسانی سے چلانے میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں،ضلع انفارمیشن آفیسر کشتواڑ کے مطابق ضلع کے 47 میڈیا پرسنزہیںجو اسوقت ضلع میں میڈیا رپورٹنگ میں سرگرم ہیں جبکہ اس دفتر کے ذریعے پریس/میڈیا کی فہرست اس ضلع کے افراد کو مزید تصدیق کیلئے ایس ایس پی کشتواڑ کے پاس بھیجی گئی تھی۔ ضلع کشتواڑ کے مذکورہ میڈیا والوں کے حوالے سے کردار/سابقہ رپورٹ کی تصدیقی رپوٹ سپرانٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ کے دفتر سے موصول ہوئی جس میں اظہر علی بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکنہ کجائی پاڈر تحصیل اٹھولی کے خلاف منفی رپورٹ پائی گئی جو پولیس تھانہ کشتواڑ میں کیس ایف آئی آر زیرنمبر242/2010 زیردفعہ363/120-B آرپی سی میں ملوث ہے جبکہ اس آفس کے ذریعے اظہر علی بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکنہ کجائی پاڈر کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا تھا اس بات کا جواب دینے کے لیے کہ اس پر ضلع میں کسی بھی میڈیا رپورٹنگ پر پابندی کیوں نہیں لگائی جا سکتی ہے۔حکم نامہ کے مطابق اس دفتر میں مورخہ 25 اگست کو جواب موصول ہوا جو غیر تسلی بخش اور نامکمل پایاگیاجبکہ یہ خدشہ ہے کہ اگر مذکورہ داغدار میڈیا شخص جو کہ پولیس سٹیشن کشتواڑ میں درج مقدمہ میں ملوث پایا گیا ہے تو اسے بغیر جانچ پڑتال کے کام کرنے کی اجازت دی جائے تووہ عوامی امن و سکون کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے اور اس سے ضلع میں پرامن ماحول بھی خراب ہوسکتاہے۔حکم نامہ میں مزید کہاگیا کہ اس لیے مذکورہ بالا حقائق کے پیش نظرمیں ڈاکٹر دیونش یادو ،ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کشتواڑ نے دفعہ 144سی آر پی سی کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ضلع میں کسی بھی قسم کی خبروں/میڈیا رپورٹنگ پر اظہر علی بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکنہ کجائی پاڈر تحصیل اٹھولی ضلع کشتواڑ پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ یہ حکم جاری ہونے کی تاریخ سے 2 ماہ کی مدت تک نافذ رہے گا۔ ایس ایس پی کشتواڑ مندرجہ بالا حکم کو صحیح معنوں میں نافذ کریں گے۔