عظمیٰ نیوز سروس
جموں//کمشنر سیکریٹری محکمہ اِمداد باہمی یشا مدگل نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے سینئر افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں محکمے سے متعلق مختلف امور بشمول نئی کوآپریٹیوسوسائٹیز کی رجسٹریشن، غیر فعال کوآپریٹیو سوسائٹیز کی بحالی اورکیپکس کے اخراجات کی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔رجسٹرار، کوآپریٹیو سوسائٹیز نے کمشنر سیکرٹری کو کٹھوعہ، کپواڑہ، گاندربل، کشتواڑ اور پونچھ اور شوپیان میں سپر بازاروں کی موجودہ صورتحال، نئے سپر بازاروں کی تعمیر، آڈٹ پاروں کی صوبائی و ضلعی سطح کی موجودہ صورتحال اور کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے آڈِٹ کے اِنعقاد کی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔رجسٹرار نے کمشنر سیکرٹری کو کوآپریٹو ٹریننگ اِنسٹی ٹیوٹ کی بحالی کے منصوبے، کوآپریٹیو سوسائیٹیوں کے اِنتخابات کی صورتحال کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔کمشنر سیکرٹری نے افسروں سے خطاب کرتے ہوئے محکمے کے کام اور بحالی کے عمل کو تیز کریں اور ماہانہ اہداف مقررکرنے پر زور دیا تاکہ محکمہ کے تمام جاری کام اور اہداف مقررہ مدت میں مکمل کیاجاسکے۔یشا مدگل نے افسروں پر زور دیا کہ وہ غیر فعال کوآپریٹیو سوسائٹیوں کی بحالی کے لئے روڈ میپ تیار کریں ۔