سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر نے عوام کو خبر دار کیا ہے کہ وہ اُن غیر رجسٹرڈ ٹور آپریٹروں سے خبر دار رہیں جو لوگوں کو حج بُکنگ کی لالچ دیتے ہیں ۔ ایڈیشنل کمشنر کشمیر ڈاکٹر عبدالسلام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی کمشنر کشمیر کی نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ وادی میں کچھ غیر رجسٹرڈ ٹور آپریٹر لوگوں کو حج بُکنگ کی لالچ دیتے ہیں جبکہ وہ اقلیتی امور کی مرکزی وزارت کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مرکزی سرکار کی اقلیتی امور کی وزارت نے سال 2018 کیلئے حج بُکنگ کی خاطر وادی کشمیر میں فقط چھ ٹور آپریٹروں کو منظوری دی ہے ۔ منظور شدہ ٹور آپریٹروں میں الخدام حج اینڈ عمرہ سروس ، یونیورسل ٹریول کارپوریشن ، بحرین ٹریولز ، الہدیٰ ٹریولز ، الحیات حج اینڈ عمرہ سروس اور غازی ٹور اینڈ ٹریولز شامل ہیں ۔