عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // جموں کشمیر میںشوال کا چاند نظر آگیا ہے اور آج عیدالفطر کی تقریب منائی جارہی ہے۔اس سے قبل جموں کشمیر میں شوال کا چاند دیکھنے کی کچھ شہادتیں لداخ اور خطہ چناب سے موصول ہوئی تھیں۔مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شام 8بجکر 15منٹ پر رویت کا فیصلہ کرنے کیلئے مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میںپہلی شہادت سنگدان سے موصول ہوئی اور اسکے بعد لداخ اور کپوارہ سے بھی شہادتیں موصول ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ شہادتوں کی تصدیق کرنے میں تھوڑا وقت لگا، جس کے بعد مشاورتی کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے کی تصدیق کرتے ہوئے عید الفطر کا اعلان کیا۔مفتی ناصر الاسلام نے کہا کہ عید الفطر آج بدھ کو منائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کے حوالے سے کافی شواہد موصول ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی سربراہی میں میرواعظ عمر فاروق، مولانا رحمت اللہ قاسمی، مولانا عبداللطیف الکندی، غلام رسول حامی اور جموں و چناب وادی کے علمائے کرام پر مشتمل مشاورتی کمیٹی نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ عیدالفطر بدھ کو منائی جائے گی۔انہوں نے امت مسلمہ بالخصوص جموں و کشمیر کے عوام کو عید کی مبارکباد بھی دی۔ “انہوں نے کہا’’یہ مبارک موقع ہم سب کے لیے بہت سی، خوشی، امن اور خوشحالی لے کر آئے”۔ادھر جموں کی مرکزی جامع مسجد کے امام و خطیب مفتی محمدعنایت اللہ قاسمی نے اعلان کیا کہ جموں میں بھی شوال کا چاند نظر آگیا ہے لہٰذا عید بدھ کو منائی جائے گی۔اس سے قبل جمعیت العلماء اثناء عشریہ کرگل کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میںکرگل میں شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہونے کے بارے میں کہا گیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ عید 10اپریل بدھ کو منائی جائے گی۔دریں اثناء شاہی امام و صدر مرکزی رویت ہلاک کمیٹی جامع مسجد دہلی سید احمد بخاری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ عیدالفطر 11اپریل جمعرات کو منائی جائیگی۔ ادھر مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کی طرف سے جاری بیان میں بھی اس بات کی وضحت کی گئی کہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا عید الفطر 11اپریل کو ہوگی۔ادھر بنگلہ دیش میں بھی 11اپریل کو عید منانے کا اعلان کیا گیا۔تاہم پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کی متعدد شہادتیں موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے وہاں کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے آج یعنی 10اپریل بروز بدھ عید منانے کا اعلان کیا۔واضح رہے کہ آج ہی سعودی عربیہ میں بھی عید منائی جارہی ہے۔