بلال فرقانی
سرینگر// وادی کشمیر میں جمعہ کے روز عید میلاد النبی کی اختتامی تقریبات نہایت ہی عقیدت واحترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی گئیں۔اس سلسلے میں مساجد، زیارت گاہوں، خانقاہوں اور امام بارگاہوں میں خصوصی مجالس کا انعقاد کیا گیا جن میں علمائے کرام اور ائمہ مساجد نے محسن کائناتؐکی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی ۔ وادی میں کی اختتامی تقریب کے حوالے سے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں ہزاروں کی تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔ سب سے بڑی تقریب آثار شریف درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوئی جہاں وادی کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے لوگوں نے شب خوانی کی روح پرور مجالس میں حصہ لیا۔درگاہ حضرت بل میں نماز جمعہ کے بعد لوگ موئے مقدسؐ کے دیدار سے بھی فیضیاب ہوئے۔ درگاہ حضرت بل میں نماز کے اجتماعات میں ہزاروں کی تعداد میں مرد وزن نے شرکت کی۔ آثار شریف شہری کلاش پورہ، پنجورہ شوپیان، جناب صاحب صورہ،تاریخی جامع مسجد سرینگر، کعبہ مرگ،تجر شریف،زیارت علمدار کشمیر چرار شریف اور دوسری عبادتگاہوں میں بھی روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔ انتظامیہ نے آثار شریف درگاہ حضرت بل میں زائرین کو ہر ممکن سہولیت پہنچانے کی غرض سے تمام انتظامات کئے تھے جن میں بلا خلل بجلی ،پینے کا صاف پانی،طبی ،ٹرانسپورٹ ،صحت وصفائی کے علاوہ دیگر سہولیات شامل ہیں۔محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری اور جموں وکشمیر بینک نے درگاہ حضرت میں زائرین کے لئے طعام کے معقول انتظامات کئے تھے۔ ادھر ٹنل پارواقع مسلم اکثریتی اضلاع و علاقوں بشمول ڈوڈہ،بھدرواہ،کشتواڑ،بانہال،رام بن،راجوری،تھنہ منڈی،پونچھ،سرنکوٹ اور جموں شہر کے کئی علاقوں میں بھی عیدمیلادالنبی ؐکی اختتامی تقریب کے موقعہ پر روح پرور مجالس کا انعقاد ہوا،جن میں فرزندان توحید نے تزک و احتشام کے ساتھ شرکت کی۔کئی علاقوں میں شب خوانی کی محفلیں آراستہ ہوئیں۔