درگاہ حضرت بل میں سب سے بڑی تقریب
سرینگر//عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میںدنیا بھر کے ساتھ ساتھ وادی میں تقریبات انتہائی احترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منائی جا رہی ہیں۔وادی کی مساجد، خانقاہوںاورامام باڑوں میں رات بھر شب خوانی کی گئی اور لوگ سربسجود رہے۔تاریخی درگاہ حضرتبل میںسب سے بڑی تقریب منعقدہوئی جہاں شب خوانی کے بعد زائرین موئے مقدس ؐکے دیدارسے فیضیاب ہوئے ۔ عید میلادکی تقریب سعید میں شرکت کیلئے وادی کے اطراف واکناف سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوںنے درگاہ حضرتبل کا رُخ کیاجبکہ خوشگوارموسمی صورتحال ہونے کی وجہ سے بھی یہاں آنے والے لوگوں کی تعدادزیادہ رہی ۔ درگاہ حضرتبل میں شب خوانی کی بابرکت مجلس کا اہتمام ہوا ۔ ہزاروں لوگوں نے نمازظہر اور عصر کے موقعہ پر دیدار موئے۔زائرین کو سہولیات بہم رکھنے کیلئے صوبائی وضلع انتظامیہ اور وقف بورڈ کے ساتھ ساتھ کئی سرکاری محکموں اور نجی اداروں و تنظیموں نے بھی خصوصی انتظامات کئے تھے ۔حضرتبل علاقہ میں زائرین کے بھاری رش کے پیش نظر مختلف علاقوں سے یہاں پہنچنے والی گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے نگین اور یونیورسٹی احاطہ میں انتظامات رکھے گئے تھے ۔تقریب کے دوران صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے پولیس کی اضافی نفری جگہ جگہ تعینات کی گئی تھی اور سرینگر پولیس نے علاقہ میں خصوصی گشتی اسکارڈ بھی تعینات کئے تھے ۔ محکمہ صحت کی طرف سے حضرتبل علاقہ میں خصوصی طبی کیمپ لگائے گئے تھے جبکہ بوقت ضرورت بیماروںکو اسپتال پہنچانے کیلئے کئی ایمبولنس گاڑیوں کو بھی یہاں رکھا گیا تھا ۔ سرینگر میونسپل کارپوریشن کی طرف سے حضرتبل علاقہ میں موبائل بیت الخلاء قائم کئے گئے تھے جبکہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے بھی یہاں ہنگامی طور پر کئی گاڑیوں اور درجنوں ملازمین کو ہمہ وقت سریع الحرکت رکھا تھااور اس کے ساتھ ساتھ محکمہ پی ایچ ای کی طرف سے یہاں واٹر ٹینکر بھی جگہ جگہ تیار رکھے گئے تھے ۔ جناب صاحب صورہ،شہری کلاشپورہ، بارہمولہ،پنجورہ شوپیان،کھرم سرہامہ،سیر ہمدان،کعبہ مرگ اور دیگر کئی مقامات پرواقع زیار ت گاہوںاور مساجد میں بھی روح پرور تقاریب کا اہتمام ہوا۔شہر سرینگر کے مختلف مقامات پر چراغاں کیا گیا ۔ ریذیڈنسی روڑ اور فلائی ، کرن نگر مارکیٹ، مگھر مل باغ،دستگیر صاحب ؒ کی زیارت کے ساتھ ساتھ پائین شہر کے دیگر علاقوں میں بھی چراغاں کیا گیا ۔