عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//آج جموں و کشمیر میںعید میلادالنبیؐ کی تقریبات مذہبی عقیدت اور احترام کیساتھ منائی جارہی ہے ۔ اس سلسلے میںپوری وادی میں شب خوانی کی روح پرور مجالس کا اہتمام کیا گیا جن میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرتبل میں ہوئی جہاں عقیدت مند موئے مقدس کی زیارت سے فیضیاب ہوئے۔درگاہ حضرتبل میں شب خوانی کی محفل میں مرد و کواتین کی بڑی تعداد شامل رہی۔درگاہ حضرتبل کے علاوہ خانقاہوں اور مساجد میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔آثار شریف حضرتبل سرینگر میں منعقد ہ تقریب میںوادی کے اطراف و اکناف سے آنے والے زائرین کی بڑی تعدادنے حاضری دی ۔ عقیدت مندوں کو نماز پنجگانہ پر موئے مقدسؐ کے دیدار سے فیضاب کرایا گیا ۔ درگاہ حضرتبل میں نمازعشا سے ہی درودوازکار ، نعت و مناجات کی محفلیں آراستہ ہوئیں جس میں عقیدت مند سر بسجود رہے۔ جموں کشمیر میں اس سلسلے میں بڑی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ میلاد کے جلوس نکالے جارہے ہیں جن میں زیادہ تر سکولی بچوں نے شرکت کی۔ ادھر آثار شریف شہری کلاش پورہ، آثار شریف پنجورہ شوپیان، آستان عالیہ جانب صاحب صورہ ، آستان عالیہ دستگیر صاحب خانیار اور سرائے بالا کے علاوہ آثار شریف کعبہ مرگ، تجر شریف، اہم شریف بانڈی پورہ، مکہامہ بیروہ اوردیگر جگہوں پر بھی بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہورہے ہیں۔مساجد اور خانقاہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ دریں اثناء صوبائی وضلع انتظامیہ سرینگر نے مختلف سرکاری اداروں جن میں محکمہ ہیلتھ، محکمہ آب رسانی، محکمہ بجلی ، محکمہ آر اینڈ بی اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے علاوہ جموں وکشمیر بینک اورکچھ رضاکار انجمنوں واداروں کے اشتراک سے درگاہ حضرتبل آنے والے ہزاروں لوگوںکوہرممکنہ سہولیات بہم رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جبکہ ٹریفک کی آسان آواجاہی کیلئے پہلے سے ہی محکمہ ٹریفک نے روٹ پلان مرتب کیا ہوا ہے۔
وزیر اعلیٰ کی مبارک
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عید میلاد النبی ؐ تقریب سعید کے موقعہ پر جموں و کشمیر کے لوگوں کو مُبارک باد پیش کی ہے۔وزیر اعلیٰ نے اَپنے پیغام میں کہا کہ سیرتِ طیبہ اور تعلیمات اِنسانیت کے لئے ابدی رہنمائی کا سرچشمہ ہیںجو امن، ہمدردی، مساوات اور بھائی چارے کی اَقدار پر زور دیتے ہیں۔ اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ان اَقدار کو اَپنی روزمرہ زندگی میں اَپنائیں اور ایک پُرامن اور ہم آہنگ معاشرے کی تعمیر کے لئے اِجتماعی طور پر کام کریں۔آئیے ہم سب اس عظیم راہ پر چلنے کے لئے خود کو وقف کریں اور معاشرے کے تمام طبقوںمیں اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دیں۔‘‘وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر کے لوگوںکی اَمن، سلامتی، خوشحالی اور بھلائی کے لئے دعا کی اور اُمید ظاہر کی کہ اِس موقعہ پر سے ہم آہنگی اور اِجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو تقویت ملے گی۔