عظمیٰ نیوز سروس
اودھم پور//ضلع ترقیاتی کمشنر اودھم پور سلونی رائے نے منی کانفرنس ہال ڈی سی آفس کمپلیکس میں منعقدہ ایک میٹنگ میں عیدالاضحی کے لئے ضروری اِنتظامات کو حتمی شکل دی۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جوگندر سنگھ جسروٹیہ، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ڈاکٹر امیش شان، ایڈیشنل ایس پی بلجیت سنگھ اور دیگر ضلع افسران کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔میٹنگ میں پینے کے پانی کی فراہمی ، بلا تعطل بجلی کی فراہمی، فرسٹ ایڈ، فائر ٹینڈرز، کھانے پینے کی اشیأ کے معیار اور ریٹ کی جانچ اور شہر میں صفائی ستھرائی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپورنے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں مناسب ضروری خدمات کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے کے لئے پیشگی اقدامات کریں جبکہ پولیس حکام کو حفاظتی اِنتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔انفورسمنٹ محکموں سے کہا گیاہے کہ وہ تقریب سعید کے دنوں کے دوران بازار کا باقاعدگی سے دورہ کریں تاکہ کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں اور معیار پر نظر رکھی جاسکے۔چیف میڈیکل آفیسر کو ہدایت دی گئی کہ وہ عید گاہ اور جامع مسجد اودھمپور میں تقریب کے دوران طبی سہولیات فراہم کریں جبکہ ٹریفک پولیس سے کہا گیا کہ وہ مؤثر ٹریفک ریگولیشن کے لئے شہر کے ٹریفک جام والے مقامات پر مناسب تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کریں۔دکانداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اَپنی دکانوں میں اشیائے خوردونوش کی ریٹ لسٹ نمایاں طور پر آویزاں کریں اور زائد قیمت وصول کرنے سے گریز کریں۔