حکومت مسائل سے آگاہ ، بہتر سہولیات اور بہتر بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کا وعدہ
سرینگر// ضلع راجوری کے سول سوسائٹی کے اَرکان کے ایک وفد نے سول سیکرٹریٹ سری نگرمیں وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا سے ملاقات کی اور ضلع سے متعلق عوامی اہمیت کے مختلف اہم مسائل اُٹھائے۔ دورانِ ملاقات جاوید رانا نے وفدکو بغور سُنا اور یقین دِلایا کہ ان کی شکایات کا بروقت اَزالہ کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت عوام کی ضروریات کے لئے قابلِ رَسائی اور جوابدہ ہے اور ہماری اوّلین ترجیح عام لوگوں کو گھر کی دہلیز پر حکمرانی فراہم کرنا ہے۔راجوری کے سول سوسائٹی کے ممبران نے ترقی، بہتر صحت سہولیات، سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے اور سرکاری خدمات کی فراہمی سے متعلق مسائل اُٹھائے۔ممبران نے گجر منڈی راجوری میں میٹرنل اینڈ چائلڈ ہسپتال کو فوری طور پر فعال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے صحت سہولیات میں بہتری پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس ہسپتال کو فعال کرنا ضروری ہے تاکہ پیر پنچال کے رہائشیوں بالخصوص خواتین و بچوں کو معیاری اور بہ آسانی دستیاب طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وفد نے راجوری۔تھنہ سڑک کی خستہ حالی کی بھی نشاندہی کی اور کہا کہ سڑک کی پختہ سطح وقت کے ساتھ ساتھ بُری طرح خراب ہو چکی ہے جس سے مسافروں کو روزانہ کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اُنہوں نے فوری مرمت اور اَپ گریڈیشن کا مطالبہ کیا تاکہ لوگوں کو محفوظ اور آرام دہ سفر کی سہولیت میسر ہو۔وزیر جاوید رانا نے وفد کو یقین دِلایا کہ حکومت ان مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور متعلقہ اَفسران کو ان کے جلد از جلد حل کے لئے ضروری ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔اُنہوں نے ان مسائل پر فوری توجہ کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے بھی بات کی۔وزیر موصوف نے راجوری کے لوگوںکو بہتر سہولیات اور بہتر بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کی یقین دہانی کرتے ہوئے عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی اَقدامات کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔