نیوز ڈیسک
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ماہانہ پروگرام ’’ عوام کی آواز‘‘ میں حال ہی میں اِختتام پذیر ’’ بیک ٹو وِلیج مرحلہ چہارم‘‘ پروگرام کی کامیابیوں ، زراعت اور اِس سے منسلک شعبوں میں اِصلاحات اور جموںوکشمیر کے نوجوان باصلاحیت کاروباری اَفراد کی متاثر کن داستانیں شیئر کیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ عوامی شرکت حکمرانی میں کارکردگی ، شفافیت اور سماجی اِنصاف کو فروغ دیتی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ’بیک ٹو وِلیج ‘‘ دیہی طبقے کو بااختیار بنانے اور ہمہ گیر ترقی کے لئے شراکت داری کو مضبوط بنانے کے ہمارے عزم کا عکاس ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بیک ٹو وِلیج سے ہماری کوشش ہے کہ دیہی ترقی اور پنچایتوں کا ایک منصوبہ بند اور جامع ماڈل تیار کیا جائے تاکہ اتما نر بھر جموںوکشمیر کے نظریۂ کو پورا کیا جاسکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے ’’ بیک ٹو وِلیج ‘‘ کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ترقیاتی کوششوں کو نچلی سطح تک لے جانے میں ہر فرد کا اہم کردار ہے اور اِس برس ’’بیک ٹو ولیج مرحلہ چہارم ‘‘پروگرام میں عوام الناس کی بے مثال شرکت نے اِنتظامیہ کو 21 محکموں کے 54 ڈیلیور ایبلز کی کامیابی سے پورا کرنے کے قابل بنایا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تقریباً 96,000 ہیلتھ گولڈ کارڈ 49,526 کنبوں کو صحت تحفظ فوائد فراہم کرنے کے لئے جاری کئے گئے ۔جن ابھیان کے تحت 5,914 کسان کریڈٹ کارڈ جار ی کئے گئے تھے اور اَب جموںوکشمیر یوٹی میں کسان کریڈٹ کارڈ رکھنے والوں کی کُل تعداد 12لاکھ 84 ہزار تک پہنچ گئی ہے ۔277 نئی کوآپریٹیو سوسائٹیاں رجسٹر کی گئیں اور 31,578 کوآپریٹیو ممبران کو تربیت فراہم کی گئی ۔ مالکان زمین کو بااِختیار بنانے کے لئے شروع کئے گئے ’’ آپ کی زمین آپکی نگرانی ‘‘ پورٹل تک تقریباً 9 لاکھ لوگوں نے رَسائی حاصل کی اورزائد اَز 7لاکھ زمین کے پاس بُک تقسیم کئے گئے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’’ بیک ٹو ولیج پروگرام کے دوران ایک اہم کام سکول چھوڑنے والے بچوں کی شناخت اور دوبارہ اِندراج کرنا تھا۔ زائد اَز 40,000 بچوں کی شناخت کر کے ان کا سکولوں میں داخلہ یقینی بنایا گیا ہے ۔ دیو یانگجن کو تمام سہولیات تک بلا تعطل رَسائی کو یقینی بنانے کے لئے 211 کیمپ لگائے گئے اور 3,205 سینئر سٹیزن کلب قائم کئے گئے ہیں۔’’ میرا سکول میرا فخر‘‘ پرگرام کے تحت زائد اَز ایک لاکھ طلباء نے سوچھ ابھیان میں حصہ لیا اور محکمہ سماجی بہبود نے مختلف فلاحی سکیموں کے تحت رہ جانے والے اِستفادہ کنند گان کو شامل کیا۔ ہم نے جن ابھیان کے تحت اِنسانی اِنٹرفیس کو ختم کرنے کے لئے آئی ٹی اقدام پر زور دیا ہے اور شہریوں کو تمام پنچایتوں میں 225 آن لائن خدمات کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہیں۔اُنہوں نے جامع ترقی کو فروغ دینا اور زراعت اور اِس سے منسلک شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہماری ترجیح ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ جن ابھیان نے اِس شعبے میں ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے ماہرین اور کسانوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اِکٹھاکیا ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’’ اڈاپٹ ٹو گرو ‘‘ زرعی شعبے کے لئے نیا منتر ہے ۔ جموںوکشمیر کے ترقی پسند کسانوں کی کاوشیں جیسے سانبہ کے سِمبوالی وِلیج سے تعلق رکھنے والے بلدیو راج کی زرعی پیداوار کو بہتر بنانے اور دیرپا ترقی کو فروغ دینے کے لئے زراعت میں تنوع کو فروغ دینے کی کوششیں قابل تعریف ہیں ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ فصلوں کے تنوع کے لئے بلدیو ر اج کا فیصلہ ان کے کنبے کے لئے اِنتہائی فائدہ مند ثابت ہوا اور اِس کا تجربہ دوسروں کو اعلیٰ قیمت والی فصل کی طرف جانے کی ترغیب دے رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ نئے چیلنجوں کا سامنا کرنے کا عزم ، جذبہ اور خود اعتمادی خوابوں اور زندگی کے مقصد کو پورا کرنے کے لئے اہم ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہم جموںوکشمیر کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے ایک ساز گار ماحول پیدا کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آج ہمارے نوجوانوں کو ان کی خواہشات کو پورا کرنے اور کاروبار ی منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لئے تمام وسائل اور ضروری ہینڈ ہولڈنگ فراہم کی جارہی ہے۔