نیوز ڈیسک
جموں //اپنی پارٹی صدر محمد الطاف بخاری نے جموں وکشمیر کے لوگوں کو درپیش متعدد مسائل ، بڑھتی بے روزگاری، انسداد ِ تجاوزات مہم، بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی، ترقیاتی سرگرمیوں کی سست روی، صحت وتعلیم کا ناقص ڈھانچہ وغیرہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاہماری جہدوجہد ان عناصر کے خلاف ہے جو مذہب اور خطہ کے نام پر لوگوں کوتقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی امن، خوشحالی اور استحکام لانے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کی اپنی حکومت دینا چاہتے ہیں جو دونوں خطوں میں یکساں ترقی یقینی بنائے کیونکہ دونوں خطوں کے لوگ ایک جیسی مشکلات کے شکار ہیں اور اِن مسائل کا حل بھی یکساں ہے۔انسداد ِ تجاوزات مہم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہاکہ حکومت کے پاس غیر قانونی رہائشی بستیوں کو ریگولر آئز کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ یہاں تک کہ دہلی میں بھی حکومت نے وقتافوقتا ایسی کالونیوں کو ریگولر آئزکیا ہے لیکن ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ انہیں غریب لوگوں کے مسائل کی سمجھ نہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ منتخب حکومت ہی غیر قانونی کالونیوں سے متعلق کوئی فیصلے لے گی۔ انتظامیہ کو کوئی حق نہیں کہ وہ لوگوں کو ان کی زمینوں سے نکالے۔ اگر ہم نے اگلی سرکار بنائی تو ہم انتظامیہ کی طرف سے عوام مخالف لئے گئے تمام فیصلوں کو واپس کریں گے جن میں دربارموو روایت کا خاتمہ اور انسداد تجاوزات مہم شامل ہے۔انہوں نے جموں وکشمیر کی عوام کو یقین دلایاکہ ہم کسی بھی غیر مقامی کو جموں وکشمیر میں آباد ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔ جموں وکشمیر کی سرزمین ، سابقہ ریاست جموں وکشمیر کے لوگوں کی ہی ہے۔اس موقع پر انہوں نے فرقہ وارانہ اور علاقائی خطوط پر جموں وکشمیر کے امن کو خراب کرنے اور انسداد تجاوزات مہم کے ساتھ لوگوں کے جذبات اکسانے کی کوشش کرنے والے عناصر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ امن بنائے رکھیں۔انہوں نے پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ جو انتظامیہ کے افسران انہدامی مہم کا حصہ بن رہے ہیں ان سب کو حساب دینا ہوگا۔