عظمیٰ نیوز سروس
جموں //جموں وکشمیر بھاجپاکے صدر اور پارٹی سنیئر لیڈر رویندر رینہ نے انتہائی قابل تعریف بجٹ کیلئے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب کو بااختیار بنائے گا کیونکہ اس کا بنیادی مقصد نوجوان، غریب، خواتین اور کسانوں کی فلاح وبہبودپرمبنی ہے ۔رینہ نے کہاکہ ’’عوام دوست، اور ترقی پر مبنی بجٹ کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کے مشکور ہوں‘‘۔موصوف نے کہا کہ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے بجٹ بناتے وقت سب کو بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے اور یہ 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے مشن کو پورا کرنے کے لئے ملک کے مستقبل کی تعمیر کے لئے بھی بجٹ ہے۔رینہ نے کہا کہ بجٹ ہندوستان کے نوجوانوں کی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے ۔اس بجٹ کے تحت روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جس سے ملک کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ بجٹ کی شقوں سے ملک بھر میں ٹرین کے ذریعے سفر کی مزید سہولتیں بھی شامل ہوں گی۔آواس یوجنا اسکیم کے جاری رہنے سے آیوشمان بھارت یوجنا غریب اور مستحق لوگوں تک مزید پہنچے گی اور استفادہ کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔بجٹ میں اعلان کردہ انکم ٹیکس معافی اسکیم سے متوسط طبقے کے تقریباً ایک کروڑ لوگوں کو مدد ملے گی۔بھاجپاسنیئرلیڈر نے کہا کہ مرکزی وزیر خزانہ کو عوام دوست بجٹ پیش کرنے کے لئے رہنمائی کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت کے ان تمام سالوں کے دوران، ملک کو ہمیشہ ترقی کے حامی، غریب نواز بجٹ دیا گیا ہے۔