پہلگام//ضلع اننت ناگ کے دوسرے دِن کے دورے دوران وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام پہلگام کا دورہ کیااور وہاں سیاحتی سہولیات ، علاقے میں خوبصورتی اور دیدہ ذیبی کے کام اورصحت و صفائی کے جاری عمل کا جائزہ لیا۔انہوںنے وِنٹرفیسٹول کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔وزیرا علیٰ نے پہگام کا دورہ کرتے ہوئے وہاں سیاحوں کے لئے فراہم کی جارہی سہولیات کا جائزہ لیا ۔انہوںنے قصبے کے دیگر علاقوں میں جاکر وہاں ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیااور افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی کاموںمیں سرعت لائیں ۔محبوبہ مفتی کو اس موقعہ پرسیاحتی مرکز پر جاری خوبصورتی لانے کے کام کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔انہیں بتایاگیا کہ آرو گائوں کو دیدہ ذیب بنانے پر 1.37کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیںجس میں 1500کنال اراضی پر پھیلی ہوئی پارک کو فصیل بندی پر 70 لاکھ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے 88کنال اراضی پر تعمیر کی جارہی سرین پارک جس پر 2.69کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں کا بھی جائزہ لیا۔انہوںنے چورکدل برج جو 85لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے کے بارے میں بھی تفصیلات حاصل کیں۔اس پُل کی بدولت پہلگام شکار گاہ کے ساتھ جڑ جائے گااور سیاحوں کو عبورو مرور میں سہولیت حاصل ہوگی۔انہوں نے ٹورسٹ فیسلٹیشن سینٹر عشمقام جس پر 1.86کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں پر جاری کام کا جائزہ لیا۔محبوبہ مفتی نے تمام متعلقہ ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ تعمیراتی کام وقت مقررہ پر مکمل کریںاور علاقے میں صحت و صفائی یقینی بنانے کے تمام اقدامات کریں تاکہ آنے والے سیاحوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔وزیراعلیٰ نے ہوٹل مالکان اور سیاحتی برداری کے ممبران سے بھی ملاقات کی جنہوں نے وزیرا علیٰ کو اپنی سرگرمیوں اور مشکلات سے آگاہ کیا۔ وائس چیئرمین جے کے ٹی ڈی سی رفیع احمد میر، سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ ، ڈپٹی کمشنر اننت ناگ محمد یونس ملک ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی و دیگر سینئر افسران وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔بعدمیں وزیر اعلیٰ نے وزیر دفاع نرملا ستھارمن کے ساتھ تیسری ایگزیکٹیو کونسل آف جواہر مونیٹرنگ انسٹی چیوٹ اینڈ وِنٹر سپورٹس پہلگام کی میٹنگ کی صدارت کی۔