بارہمولہ//یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکنیکل ایجوکیشن کے وزیرعمران رضا انصاری نے پٹن علاقے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کئی عوامی وفود سے ملاقات کی اور اُن کی مشکلات اور معاملات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔وزیر موصوف نے وفود کو یقین دہانی دی کہ اُن کی جائز مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انصاری کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر ناصر احمد نقاش،ایس ایس پی بارہمولہ اور مختلف محکموں کے آفیسران کے علاوہ ضلع انتظامیہ کے آفیسران بھی تھے۔اس موقعہ پر وزیر موصوف نے ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لی ااور متعلقہ ایجنسیوں کو کام کی رفتار میں سرعت لانے اور ان کاموں کو مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت دی۔انہوںنے محکموں کے درمیان تال میل کوبھی یقینی بنانے اور کام کے معیار کو ملحوظ نظر رکھنے پر زوردیا۔عمران انصاری نے اشیأ ضروریہ کی اطمینان بخش سپلائی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنانہ کرنا پڑے۔