ترال// جنگجو یانہ سرگرمیوں میں ملوث ترال کے عمر قید پانے والے 45سالہ شہری نے پیرول پر گھر آنے کے بعدجنگجوئوں میں شمولیت اختیار کی ہے۔ پولیس نے مذکورہ شخص کے تین قریبی رشتہ داروں کو گرفتار کیا ہے۔ تحصیل آری پل ترال کے تحت آنے والے ڈار گنائی گنڈ علاقے سے تعلق رکھنے والے45 سالہ نور محمد تانترے ولد عبد الخالق تانترے کوچند سال قبل دہلی پولیس نے ایک ٹرک میں اسلحہ کے ساتھ گرفتار کرنے کا دعو یٰ کیا اور عدالت میں کئی سال تک کیس چلنے کے بعد انہیں عمر قید کی سزا سنائی گئی۔نور محمد قریب 10سال سے زیادہ عرصہ سے تہاڑ جیل میں بند رہا۔چند ماہ قبل مذکورہ شہری کوپیرول پر کچھ مدت کے لئے رہا کیا گیا ،لیکن کچھ ماہ گھر میں گزار نے کے بعدوہ اچانک لاپتہ ہونے کے بعد جنگجوئوں کے ساتھ شامل ہوا ۔ پولیس کے مطابق مذکورہ قیدی جیش محمد کے ساتھ شامل ہوگیا ہے۔ قریبی رشتہ داروں کے ایک وفد نے بتایا کہ فوج اور پولیس نے چار روز قبل مذکورہ جنگجوکے بھائی سمیت پانچ افرادکو اپنے ساتھ لے کر بند رکھا، جن میں دو بزرگوں کو شام کے وقت ہی رہا کیا گیا تاہم دیگر تین رشتہ دا روں نور محمد کے دو بہنوئی مشتاق احمد صوفی ساکن صوفی گنڈ آری پل اورمنظور احمد ساکن نازنین پورہ اوربھائی نثار احمد تانترے کو نا معلوم وجوہات کی بناء پر بند رکھا گیاہے جس کی وجہ سے افراد خانہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی اونتی پورہ محمد زاہد نے بتایا کہ’’ گرفتار کسی کو نہیں کیا گیا ہے، ہو سکتا ہے پوچھ تاچھ کے لئے بلایا ہوگا‘‘۔