سرینگر//دختران ملت نے علماء کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بالعموم اور کٹھوعہ سانحہ میں بالخصوص علماء کی خاموشی تشویشناک ہے۔موصولہ بیان کے مطابق دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی نے کہا کہ علماء کولوگوں کا ساتھ دینے کیلئے دارالعلوموں سے نکل کر سڑکوں پر آنا چاہئے۔آسیہ اندرابی نے کہا کہ علماء کیوں سو رہے ہیں؟ کیا انہیں کٹھوعہ سانحہ کی خبر ابھی تک نہیں ملی؟ انہوں نے علماء سے اپیل کی کہ لوگوں کی قیادت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں عوامی تحریک میں علماء کا کلیدی رول بنتا ہے۔آسیہ نے کہا کہ کیا کنن پوشہ پورہ، شوپیاں ،ہندوارہ ، اسلام آباد اور اب کٹھوعہ جیسے سانحات ہمارے ضمیر کو جھنجھوڑنے کیلئے کافی نہیںہیںاور کیا یہ سارے واقعات عبرت ناک نہیں ہیں؟انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں علماء اپنی ذمہ داری سے دامن نہیں چھڑا سکتے ہیں۔دراین اثنا دختران ملت نے بیرون وادی جیلوں میں مقید کشمیریوں کی حالت زار پر برہمی کا اظہارکیا ۔ دختران سربراہ نے کہا کہ ڈاکٹر محمد قاسم کی صحت ادھم پور جیل میں بگڑ گئی ہے اور کسی کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔