سرینگر//جماعت اسلامی نے قومی ذرائع ابلاغ پر اس کے خلاف کئے جارہے پروپیگنڈے کو منصوبہ بند پروگرام کاحصہ قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں جماعت نے کہا کہ ذرائع ابلاغ میں جماعت اسلامی جموں کشمیر کے خلاف جو منفی پروپیگنڈا کیاجارہا ہے اُس کاحقیقت سے کوئی بھی تعلق نہیں ہے۔بیان میں جماعت نے عسکریت سے کسی بھی تعلق کورد کرتے ہوئے کہا کہ نیوز چینلیں جماعت کو عسکریت سے جوڑنے کی ناکام کو ششیں کررہی ہیںتاکہ لوگوں کو گمراہ کیاجائے ۔جماعت نے واضح کیا کہ جس وقت حزب المجاہدین کا قیام عمل میںلایا گیا اُس وقت جماعت اسلامی پر پابندی عائد تھی اور تنظیم کی لیڈرشپ اُس وقت وادی اور بیرون وادی کے مختلف جیلوں میں نظر بند تھی۔بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ جماعت کا اپنا الگ دستور ہے جو کسی بھی زیر زمین کارروائی کی اجازت نہیں دیتا ۔ جماعت کی تمام تر سرگرمیاں پرامن ، واضح اور صاف و شفاف ہے جو کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔علازہ ازیں جماعت اسلامی پولیس کی طرف سے وادی کے طول و عرض میں ارکان و رفقائے جماعت کی گرفتاریوں کے نہ تھمنے والے سلسلے کی مذمت کرتی ہے اور انسانی حقوق کی محافظت سے متعلق اداروں پر زور دیتی ہے کہ وہ ریاست میں جاری ظلم کا سنجیدہ نوٹس لے کر یہاں ہورہے جبر کو رکوانے میں اپنا منصبی کردار ادا کریں۔