سوپور // تہاڑجیل میں سیکورٹی اہلکاروں کی وحشیانہ مارپیٹ سے زخمی ہوئے سوپور کے ایک 25سالہ قیدی کومقامی عدالت میں پیش کرنے کے بعد عدالتی حکم پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور میں داخل کرایا گیا۔ دلی کی تہاڑ جیل میں21نومبر کو 18زخمی کشمیری قیدیوں میں بٹہ پورہ سوپور کا احتشام احمد ولد فاروق احمد بھی شامل ہے۔25سالہ احتشام کو پیر کے روز دلی سے سرینگر منتقل کرکے سابق حزب کمانڈر عبدالقیوم نجار سے جڑے ایک کیس کے سلسلے میں منگل کے روزسیشن کورٹ سوپورکی عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت میں احتشام کے وکلا نے تہاڑ جیل میں پیش آئے واقعہ کے بارے میں جانکاری فراہم کی جس میں مذکورہ قیدی سمیت کئی کشمیری نظر بند زخمی ہوئے۔عدالت نے پولیس کو ہدایت دی کہ احتشام کا علاج و معالجہ سوپور اسپتال میں کرایا جائے کیونکہ اس کے جسم پر زخموں کے واضح نشانات ہیں۔عدالتی حکم پر مذکورہ نوجوان کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال سوپور میں داخل کرایا گیا ہے۔