سرینگر//لبریشن فرنٹ کے سابق چیف کمانڈر عبدالحمید شیخ کے والد عبدالکبیر شیخ کے انتقال پر مزاحمتی جماعتوں نے رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے متعدد وفود نے گھرجاکر تعزیت پرسی کی۔اس دوران مرحوم کی اجتماعی فاتحہ خوانی اتوار 3 دسمبر کو آبائی مقبرے صدیق آبادداندرکھاہ بٹہ مالو میں انجام دی جائیگی۔ حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے سرکردہ عسکری کمانڈر شیخ عبدالحمید کے والد شیخ عبدالکبیر (کبیر چاچا) کے انتقال پر زبردست رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ عبدالکبیر سرکردہ سماجی شخصیت کا انتقال میرے لیے ذاتی طور رنج وغم کا باعث ہے کیونکہ مرحوم کا گھرانہ ایک طویل عرصہ سے تحریک آزادی کی خاطر بے پناہ مصائب اور مشکلات کا شکار رہا ہے اور موصوف کے فرزند شیخ عبدالحمید تحریک آزادی کشمیر کے بانیوں میں سے تھے، جنہوں نے بھارت کے تسلط سے آزادی کی خاطر عزیمت کا راستہ اختیار کرکے اپنی جان نچھاور کی۔ گیلانی نے مرحوم کے حق میں جنت نشینی کی دُعا کی اور اہل خانہ کے لیے صبروتحمل کی تلقین کی۔حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے موصوف کی سماجی ، رفاہی اور فلاحی کاموں کو زبردست خراج عقیدت ادا کیا اور مرحوم کی مغفرت اور جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی ۔میرواعظ کی ہدایت پر ایک وفد غلام قادر بیگ، مشتاق احمد صوفی، محمد شفیع خان اور فاروق احمد بٹہ مالو گیا اور اور پسماندگان کے ساتھ میرواعظ اور قیادت کی جانب سے دلی تعزیت ، ہمدردی اور یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے تحریک آزادی کے سرخیل شیخ عبدالحمید کے والد بزرگوار شیخ عبدالکبیر المعروف چاچا کی وفات کی خبر ملتے ہی فرنٹ قائدین کے ہمراہ صدیق آباد بٹہ مالو پہنچے اور مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کی۔آستان عالیہ حضرت شیخ داود عرف بٹہ مالو صاحب ؒ میں خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ (حقیقی) کے چیئرمین جاوید احمد میر نے کہا کہ تحریک آزادی اور لبریشن فرنٹ ایک مخلص سماجی کارکن سے جدا ہوگئی۔ انہوں نے کہا شیخ عبد الکبیر1987 سے اپنے فرزند عبدالحمید شیخ کے ہمراہ اس تحریک کا حصہ بن گئے تھے اور تحریک کے آغاز میں ہی موصوف نے اپنے دوسرے ساتھیوں کے ہمراہ جیلوں انٹر اگیشن سنٹروں میں تحریک آزادی اور اپنے فرزند کے لئے اذیتوں ،تشدد اورمصیبتوں کا سامنا کیا۔پیپلز لیگ کے ایک دھرے کے چیئرمین بشیر احمد طوطا کی قیادت میں وفد ، جس میں محمد مقبول صوفی، منیرالاسلام اور نذیر احمد شامل تھے، نے عسکریت کے صف اول HAJYگروپ کے عبدالحمید شیخ کے والد کی وفات پر بٹہ مالو گیا اور پسماندگان سے تعزیت پرسی کی۔ دریں اثناء ڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ کے ایک دھرے کے چیئرمین فردوس احمد شاہ، لبریشن فرنٹ (آر)کے جنرل سیکریٹری وجاہت قریشی، ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی ، سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ، فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبداللہ طاری نے عبدالکبیر شیخ کی وفات پررنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی۔این جی اُوز یانائٹڈ فرنٹ کے ایک وفد نے محمد امین صوفی کی قیادت میں مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا۔