نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے عام آدمی پارٹی (آپ) حکومت کے ایک سال مکمل ہونے کی یاد میں دی گئی ضیافت میں فی پلیٹ 12020 روپے خرچ کئے جانے کو سرکاری رقم کا غلط استعمال قراردیتے ہوئے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے استعفی کا مطالبہ کیا ہے ۔مرکزی وزیر توانائی پیوش گوئل اور دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر وجیندر گپتا نے پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ گزشتہ سال 11 فروری کو عام آدمی حکومت کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر مسٹر کیجریوال کی رہائش گاہ پر منتخب 50 لوگوں کھانے کی دعوت دی گئی جس میں فی پلیٹ 9355 روپے خرچ کئے گئے ۔ اس کے اگلے دن بھی 30 لوگوں کو ضیافت دی گئی جس پر فی پلیٹ 12020 روپے خرچ کئے گئے ۔ اس کے علاوہ ان پر ٹیکس ادا کیا گیا۔مسٹر گوئل اور مسٹر گپتا نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے دارالحکومت میں غریبوں کو پانچ روپے میں عام آدمی کینٹین میں کھانا دینے کا وعدہ کیا تھا اور بجٹ میں اس کے لئے 100 کروڑ روپے مختص بھی کئے گئے تھے لیکن اب تک اس طرح کی کینٹین کھولی نہیں گئی ہیں۔جے پی لیڈروں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی کے لیڈروں نے سادہ سیاست کرنے اور گاڑی، بنگلہ یا دیگر طرح کی سہولیات نہ لینے کی بات کہی تھی لیکن جب حکومت کا ایک برس مکمل ہوا تو ضیافت کے لئے تاج ہوٹل سے کھانا منگوایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ جب اس معاملے کو اٹھایا گیا تو حکومت نے کہاکہ بل کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے ۔ یہ عام بات ہے کہ کھانے کا آرڈر دیا گیا اور کھانا آیا تو حکومت کو بل تو ادا کرنا ہی ہوگا۔ اگر حکومت پیسہ نہیں دے گی تو متعلقہ فریق اس معاملہ کو عدالت لے جاکر اپنی رقم وصول کرے گا۔مسٹر گپتا نے کہاکہ دونوں ضیافت میں مالی ضابطوں پر عمل کیا گیا یا نہیں اس کی جانچ کی جانی چاہئے ۔ بی جے پی دہلی میونسلی کاپوریشن انتخابات کے دوران اس معاملے کو گلی گلی تک لے جائے گی اور عام آدمی پارٹی حکومت کو کرتوتوں کو سامنے لائے گی۔