سرینگر// حریت (گ) نے ضلع اسلام آباد میں پولیس انتظامیہ کی طرف سے حریت پسند کارکنوں اور عام لوگوں کو عسکریت کے ساتھ جوڑنے اور فرضی الزامات کے تحت کیسوں میں پھنسا کر گرفتار کرنے کی ظالمانہ کارروائیوں کو سیاسی انتقام گیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ عاشق حسین نارچور ایک سیاسی کارکن ہے اوراُس کاعسکریت کے ساتھ دُور کا واسطہ بھی نہیں ہے، جبکہ عاصف احمد دادا اور اشفاق احمد کوتوال عام نوجوان ہیں، جنہیں کسی طرح کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ حریت نے ایک بیان میں ان نوجوانوں کو پولیس انتظامیہ کی طرف سے قید وبند کی صعوبتوں میں مبتلا کرنے کی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دراصل پولیس انتظامیہ اپنے ریکارڈ میں زیادہ سے زیادہ افراد کو گرفتار دکھانے کے صلے میں ترقیاں پاتے ہیں، اسلئے بے بنیاد الزامات کے تحت ہرکس وناکس کو گرفتار کرنا پولیس انتظامیہ نے شروع کردیا ہے ۔ حریت کانفرنس نے اس قسم کی کارروائیوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔