ممبئی/آسٹریلیا اورنیوزی لینڈ میں ٹیم انڈیا کی بہترین کارکردگی کے بعد ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے حال ہی میں آئندہ عالمی کپ کے لئے کپتان وراٹ کوہلی کی بلے بازی پوزیشن پر ایک بڑا بیان دیا تھا۔ شاستری کا کہنا تھا کہ عالمی کپ میں حالات کے پیش نظرکوہلی کو تیسری پوزیشن کی بجائے چوتھے نمبرپربلے بازی کرنے کیلئے اتارنے سے بھی انہیں کوئی پرہیزنہیں ہوگا۔انگلینڈ میں 30 مئی سے شروع ہونے والے آئی سی سی کرکٹ عالمی کپ کے لئے روی شاستری اپنی اس حکمت عملی کوبھلے ہی ٹرمپ کارڈ سمجھ رہے ہیں، لیکن سابق کپتان سوربھ گانگولی کا ماننا ہے کہ کوہلی کے بلے بازی آرڈرسے چھیڑچھاڑکرنا بڑی غلطی ثابت ہوسکتی ہے۔گانگولی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا "میں نے اخباروں میں پڑھا کہ شاستری کوہلی کو نمبرچارپربلے بازی کے لئے اتارنے کی بات کررہے ہیں۔ میں نہیں جانتا کہ پھرنمبرتین پرکون اترے گا، شاید امباتی رائیڈو اتریں گے، لیکن یہ صحیح حکمت عملی نہیں ہوگی، کوہلی نمبرتین پربہت بڑے بلے بازہیں۔ ونڈے میں ہندوستان کی طاقت روہت شرما- شکھردھون کے بعد تیسرے نمبرپروراٹ کوہلی کی بلے بازی ہی ہے"۔دراصل گزشتہ دنوں کرکبزکودیئے انٹرویو میں روی شاستری نے کہا تھا کہ اگرعالمی کپ کے دوران کسی میچ میں حالات تیزگیند بازوں کے لئے مددگاررہے تو وہاں کوہلی کو کھلا کر وکٹ گنوانا نہیں چاہیں گے۔ ایسی حالت میں تیسری پوزیشن پرکسی اورکوبھیج کرکوہلی کو چوتھے نمبرپراتارا جاسکتا ہے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ سوربھ گانگولی کے اس مشورہ پرکوچ روی شاستری دھیان دیتے ہیں یا اسے مسترد کردیتے ہیں۔