بیجنگ// چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے بیجنگ کے عالمی مقاصد پر اٹھنے والے سوالات کا جواب دیتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ عالمی سطح پر چین ’امریکا کی جگہ لینے‘ کی کوئی خواہش نہیں رکھتا۔بیجنگ میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ایشیائی قوم کا راستہ ’روایتی طاقتوں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے بالکل مختلف ہے‘ اور چین جتنی ترقی کرے گا وہ دنیا میں اتنا ہی اپنا حصہ ملا سکے گا۔چینی وزیر خارجہ کی جانب سے یہ اعلان ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا، جس میں ہزاروں چینی قانون سازوں نے سالانہ ملاقات کی تھی، جہاں چینی صدر شی جن پنگ کو تاحیات اختیارات دینے کے انتظامات کیے گئے تھے۔خیال رہے کہ چینی صد شی جن پنگ کو ان کے نظریہ اور مقاصد کی بنیاد پر تاحیات اختیارات دیئے جانے کا امکان ہے اور اس بارے میں چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا نظریہ صرف چین کی حد تک محدود نہیں اس میں چین کو دنیا بھر کے معاملات سے جوڑنے کا ایک وڑن ہے۔پریس بریفنگ کے دوران چینی وزیر خارجہ کی جانب سے خود اعتمادی اور جارحانہ انداز پر توازن برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی کیونکہ دیکھا گیا ہے کہ ایسے معاملات میں بیجنگ دیگر ممالک سے دباؤ کے ساتھ بات کرتا ہے۔