عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
جنیوا// عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل غزہ کے باشندوں کے مصائب کے بارے میں بولتے ہوئے رو پڑے۔ انہوں نے غزہ کی صورتِ حال کو جہنم کی کیفیت سے تعبیر کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی پر آمادہ ہو۔ٹیڈروز ایڈہانوم گیبریسس غزہ کی صورتِ حال بیان کرتے ہوئے آبدید ہوگئے اور کہا کہ اس مسئلے کوئی جامع، قابل قبول اور پائیدار حل تلاش کرنا ہوگا تاکہ بے قصور لوگوں کا قتل روکا جاسکے۔رپورٹس کے مطابق ایک میٹنگ میں عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں بلکہ یہ تو مسائل بڑھاتی ہے۔ اس کے نتیجے میں بے قصور لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہی ہوتا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ عالمی برادری دو ریاستوں کے قیام کو اس مسئلے کا پائیدار حل سمجھتی ہے اور اب ہمیں اس حل کی طرف بڑھنا ہی چاہیے۔غزہ کے بارے میں بولتے وقت ٹیڈوز گیبریسس کا گلا بیٹھ گیا۔