سری نگر//حکام نے جمعرات کو شہر کے آبی گذر علاقے میں پابندیاں نافذ کردی ہیں تاکہ شیعہ برادری کے افراد کو عاشورہ یعنی آج 10محرم الحرام کے موقع پر جلوس نکالنے سے روکا جاسکے ۔
اطلاعات میں حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پولیس اسٹیشن کوٹھی باغ کے تحت آنے والے آبی گذر علاقے میں پابندیاں عائد کی گئی ہیں جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق شہر کے لاچوک اور آبی گذر علاقوں میں پولیس نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر رکھی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پولیس نے منگل کے روز شہر کے مختلف مقامات پر شیعہ برادری کے کئی افراد کو حراست میں لیا تھا کیونکہ انہوں نے آٹھ محرم کے موقع پرعزاداری کاجلوس نکالنے کی کوشش کی تھی۔ یہ روایتی جلوس لالچوک اور ڈلگیت علاقوں سے گذرتا تھا تاہم 1990سے اس جلوس پر پابندی عائد ہے۔
اسی طرح 10محرم کا روایتی جلوس عاشورہ آبی گذر سے شروع ہوتا تھا اور گذشتہ تین دہائیوں سے اس پر بھی پابندی عائد ہے۔
اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ پرانے شہر سمیت وادی کے دیگر حصوں میں آج محرم کے جلوس متوقع ہیں۔