سرینگر //سرینگر ائر پورٹ پر طیارہ لینڈ کرنے کے دوران طیارہ ہائی جیک ہونے کے مذاق نے پنجاب کے شہری کو پولیس تھانہ پہنچایا۔ پنجاب سے تعلق رکھنے والے چندافراد امر ناتھ یاترا کے سلسلے میں بذریعہ جہاز سفر کررہے تھے جس دوران وہ یہاں کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کررہے تھے۔ اسی دوران ان میں سے لکھوندر کمار ولد بلونت چندساکن منڈی پنجاب نے بتایا کہ اگر جہاز فی الوقت ہائی جیک ہوگاتو کیسی صورتحال بپا ہوگی؟ تو جونہی لکھوندر نامی شخص نے ہوائی جہاز کو رن وے پر اترتے دیکھا تو انہوں نے کھڑے ہوکر مزاحیہ انداز میں کہہ ڈالا کہ ’مسافر اپنے سیٹ بیلٹ نہ کھولے کیوں کہ جہاز ہائی جیک ہوچکا ہے‘۔ اس دوران لکھوندر کی بات کو جہاز میں موجود کیبن کریو نے سنجیدگی سے لیتے ہوئے ائرپورٹ انتظامیہ کو اطلاع فراہم کی۔جونہی انڈیگو کی فلائٹ لینڈ کر گئی تو پولیس نے اسے حراست میں لیکر ہمہامہ تھانے پہنچایا۔ ہمہامہ پولیس نے بتایا کہ لکھوندر نامی شخص صرف پوچھ تاچھ کے لیے تھانے منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص ابھی بھی پولیس کی تحویل میں ہے اور اس حوالے سے واقعہ کی گہرائی سے چھان بین جاری ہے۔