سرینگر//حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے نوجوانوں خصوصاً طالب علموں کے خلاف طاقت اور تشدد کے استعمال کو ہر لحاظ سے مذموم عمل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ یہاں حکمرانوں کی پالیسی اور وطیرہ رہا ہے کہ کشمیریوں کی جائز آواز کو طاقت کے بل پر دبایا جائے ۔ انہوں نے جامع مسجد میں نماز جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کٹھوعہ کے شرمناک سانحہ کے بعد نوجوانوں خصوصاً طلباء اور طالبات کے تئیں حکومت کا طرزعمل حد درجہ جارحانہ اور افسوسناک رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء جو ہمارے سماج کا ایک ناقابل تنسیخ حصہ ہیں، نے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی کیمپس میں پر امن احتجاج کیا لیکن حکمران طبقے نے بجائے اس کے کہ ان کو پر امن احتجاج کرنے کا حق دیا جاتا ان کی آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی کوشش کی ۔ میرواعظ نے کہا کہ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ میں گزشتہ روز طلباء اور طالبات کے خلاف فورسز کی جارحیت ، طاقت ،تشدد اور ٹیئر گیس شلنگ کا استعمال جس سے متعدد طالب علم زخمی ہوئے قابل مذمت ہے۔