راجوری//راجوری کے مبارکپورہ اور گردونواح کے علاقوں کے لوگوںنے حکومت سے گورنمنٹ مڈل سکول مبارکپورہ کا درجہ بڑھانے کی مانگ کی ہے ۔مبارکپورہ ، منکوٹ ، پلولیاں ، نالہ ، کاناکوٹ ، کیریاں اور لمبی ٹنڈی وغیرہ کے لوگوں نے کہاکہ علاقے میں کوئی ہائی سکول نہ ہونے کی وجہ سے طلباء کی تعلیم پر برااثر پڑرہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ خاص طور پر طالبات اپنی تعلیم ہی چھوڑ دیتی ہیں کیونکہ ان کیلئے کئی کلو میٹر دور جانا مشکل کام ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ ہائی سکول ٹھنڈی کسی میں واقع ہے جہاںتک پہنچنے کیلئے پانچ سے دس کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرناپڑتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ ایک طویل مسافت ہے جو مشکل سے طے ہوتی ہے اس لئے بہت سے طلباء آٹھویں کے بعد تعلیم حاصل نہیں کرپاتے ۔انہوںنے مانگ کی کہ اس مسئلے کو حل کیاجائے اور مبارکپورہ میں ہی دسویں تک کی تعلیم حاصل کرنے کا موقعہ دیاجائے جس کیلئے گورنمنٹ مڈل سکول مبارکپورہ کا درجہ بڑھایاجائے ۔ایک مقامی شہری صدیق احمد نے کہاکہ مڈل سکول مبارکپورہ ایک مرکزی مقام پر واقع ہے جس کادرجہ بڑھانا وقت کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ علاقے کے لوگوں کیلئے تعلیم ایک بہت بڑا مسئلہ بناہواہے ۔دیگر لوگوںنے بھی اس سکول کادرجہ بڑھانے کی مانگ کی ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ حکام کوکوئی پرواہ ہی نہیں اور طلباء کا مستقبل تباہ ہورہاہے۔انہوںنے بتایاکہ اس سکول کا قیام 1973-74میں لایاگیاتھا جس کا2005-06میں درجہ بڑھاکر مڈل سکول کیاگیا ۔لوگوں کے مطابق یہ سکول 1993میں جنگجوئوں کے حملے کا نشانہ بھی بن چکاہے۔