جموں//جموں کشمیرپنچایت کانفرنس نے وادی کشمیرمیں ضمنی انتخابات میں سرکاری مشینری کااستعمال کے خدشے کااظہارکرتے ہوئے مرکزی حکومت سے انتخابات کی اعتباریت کویقینی بنانے کامطالبہ یاہے۔یہاں جاری پریس بیان میں پنچایت کانفرنس کے سربراہ شفیق میر نے کہاکہ جنوبی کشمیرکے ضمنی انتخابات سے متعلق جنوبی کشمیرمیں شکایات موصول ہورہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ وادی میں سیکورٹی سے متعلق بہت سے خدشات ہیں اورنوجوانوں کی گرفتاریاں اور ان کوہراساں کرنافوری طورپربندکیاجاناچاہیئے۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کو سرکاری مشینری کے غلط استعمال پر نظررکھ کرانتخابات کی اعتباریت قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے حکومت پرالزام لگایاکہ وہ ملازمین کو اپنے مفادکیلئے انتخابات میں استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 1987 کے انتخابات میں ہوئی دھاندلیوں سے جس طرح سے عوام کے اعتمادکوٹھیس پہنچی تھی اسی طرح اگرالیکشن کمیشن نے دھاندلیوں اور حکومت کی مشینری کسی سیاسی جماعت کے حق میں استعمال ہونے پر روک نہ لگائی توعوام کے اعتبارکومزید زک پہنچے گی۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کو صاف وشفاف انتخابات یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں۔