ڈوڈہ//پی این پانیکر فائونڈیشن کے اشتراک سے محکمہ لائبریری و ریسرچ کی طرف سے ڈسٹرکٹ لائبریری ڈوڈہ میں پی این پانیکر ماہِ مطالعہ کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مقررین نے مطالعہ اور کتب بینی کی اہمیت و افادیت بیان کی۔ ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شبیر کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب میںبی ڈی او بھاگواہ مدثر اقبال،پروفیسر ڈاکٹر امتیاز احمد زرگر،پروفیسر ڈاکٹر جمشید احمد زرگر،پروفیسر ڈاکٹر اختر سہیل اُدھیانپوری اور فرید احمد فریدی کے علاوہ متعدد دیگر علم دوست حضرات ، معززینِ قصبہ اور طلباء و طالبات کی اچھی خاصی تعداد بھی موجود تھی۔اس موقع پر ایک مباحثے کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں مختلف اسکولوں کے طلباء وطالبات نے حصہ لے کر مذکورہ موضوع پر تفصیل سے بحث کی۔ تقریب کے دوران مختلف مقررین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کتابیں انسان کی بہترین دوست اور ساتھی ہی نہیں، بلکہ معلومات کا خزانہ بھی ہیں۔ کوئی بھی تعلیم یافتہ معاشرہ کتاب کی ضرورت سے بے نیاز نہیں رہ سکتا۔جس طرح ہوا اور پانی کے بغیر جینا ممکن نہیں، اسی طرح کتاب کے بغیر انسانی بقا اور ارتقاء محال ہے۔ کتاب نے علم کے فروغ اور سوچ کی وسعت میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ اچھی کتابیں انسان کو مہذب بناتی اور اس کی شخصیت کو وقار عطا کرتی ہیں۔ تہذیب انسانی کا کوئی دور ایسا نہیں گذراجو کتاب سے تہی دامن رہا ہو ۔ کتاب سے دوستی انسان کو شعور کی نئی منزلوں سے روشناس کراتی ہے۔اگرچہ آج ٹی وی انٹرنیٹ اور موبائل نے لوگوں کے ذہنوں پر قبضہ کر لیا ہے، لیکن اس سے کتابوں کی اہمیت میں کمی نہیں آئی ہے۔ اپنے صدارتی خطاب میں ایس ایس پی ڈوڈہ نے لائبریریوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لائبریریوں کے لئے بہترین کتابوں کا انتخاب کیاجانا چاہیے ۔ڈاکٹر اختر سہیل نے تقریب کے دوران نظامت کے فرائض انجام دئیے۔پروگرام کے آخر پر طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔