رام بن+ڈوڈہ //رام بن اور ڈوڈہ اضلاع کے 59عازمین حج منگل کے روز سرینگر کے لئے روانہ ہوئے جہاں سے انہیں ترتیب وار مدینہ منورہ کے لئے روانہ کیا جائے گا۔ جدید جامع مسجد رام بن سے حرمین شریفین کی زیارت اور مناسک حج کی ادائیگی کے لئے سفر محمود پر تشریف لے جانے والے عازمین کا ایک35افرادپر مشتمل پہلا قافلہ نہایت ہی عاجزی و انکساری کے ساتھ استغفار کرتے ہوئے روانہ ہوا۔ اس موقع پر جدید جامع مسجد کی انتظامیہ نے ایک مختصر دعائیہ و استقبالیہ مجلس کا اہتمام کیا ۔ضلع ڈوڈہ سے عازمین حج کا دوسرا قافلہ سفر محمود پر روانہ ہوا۔ 24 عازمین حج پر مشتمل قافلے کوضلع انتظامیہ نے ڈاک بنگلہ ڈوڈہ سے سر ی نگر کی طرف روانہ کیا جہاں سے اْنہیں مدینہ منورہ بھیجا جائے گا ۔ اس سے قبل33 عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ 28جولائی کو سفر محمود پر روانہ ہوا تھا۔منگل کی صبح اے سی آر ڈوڈہ طاہر حسین نیائک نے 24 افراد پر مشتمل دوسرا قافلے کو ڈوڈہ سے سری نگر کی طرف روانہ کیاجہاں سے اْنہیں مدینہ منورہ روانہ کیا جائے گا۔عازمین حج کو سفر محمود پر روانہ کرنے کے لئے ضلع ڈوڈہ کے مختلف علاقہ جات کے حجاج کرام کے دوسرے قافلہ میں24 عازمین حج سفر محمود پر روانہ ہوئے جس میں 7 خواتین اور17 مردشامل ہیں۔ دوسرے قافلہ میں ڈوڈہ سے10 ،بھدرواہ سے 6 ،ٹھاٹھری سے3 ،جبکہ گندو سے7 حجاج کرام شامل ہیں۔سفر محمود پر روانہ ہونے سے قبل عازمین حج نے خطہ چناب اور ریاست جموں کشمیر کے امن کے لئے دعائیں مانگیں۔رام بن میں ائمہ مساجد، علماء کرام اور متعدد کمیٹیوں کے ذمہ داران ایس ایس پی رام بن موہن لال ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انگریز سنگھ رانا،چیف میڈیکل آفیسرڈاکٹر سیف الدین خان، اڈیشنل ایس پی چودھری مشتاق احمد ، ڈی ایس پی ہیڈکواٹر امتیاز احمد شان، تحصیلدار و ایس ایچ او رام بن کے علاوہ بڑی تعداد میں فرزندان توحید نے شرکت کی۔ عازمین حج سے مخاطب ہوتے ہوئے شوکت مغل، خورشید احمد خان،چودھری عبد الغنی،حافظ محمد حسین اور ایڈوکیٹ اے آر مشتاق نے مختصر فلسفہ حج پر روشنی ڈالی۔ اور عازمین سے کہا کہ وہ اس عظیم سفر میں صبر و شکر کا دامن نہ چھوڑیں، جس قدر اس سفر میں تواضع اور عاجزی اختیار کریں گے اسی اعتبار سے من جانب اللہ مقبولیت اور محبوبیت میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پراڈیشنل ڈپٹی کمشنر انگریز سنگھ رانا، ایس ایس پی موہن لال اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے بھی عازمین سے ملاقات کرکے ان کو مبارکباد پیش کی۔ حاجیوں سے ملاقات کے لئے آئے ہوئے تمام لوگوں نے عازمین سے عالم اسلام کی سلامتی، ملک کے امن و امان، ریاست کی خوشحالی، ضلع کی تعمیر و ترقی، معاشرے کی اصلاح اور امت کے اتحاد و اتفاق کے لئے خصوصی دعاؤں کے لئے کہا۔ پروگرام کے اختتام پزیر ہونے سے قبل امام جدید جامع مسجد رام بن مولانا نذیر احمد نے تمام رضاکار و معاونین اور ضلعی انتظامیہ کے اعلی افسران کا شکریہ ادا کیاکہ وہ اپنی مشغولیات و مصروفیات کے باوجود اپنے اوقات کو فارغ کرکے عازمین حج کی عقیدت و محبت میں انہیں وداع کرنے کے لئے تشریف لائے۔ مجلس کا اختتام مولانا گل محمد فاروقی مہتمم مدرسہ قاسم العلوم رام بن کی دعا پر ہوا۔ مجلس کی نظامت کے فرائض مولانا زبیر احمد قاسمی اور مفتی اعجاز احمد قاسمی نے انجام دئے۔ عازمین کی گاڑی کی روانگی کے وقت عاشقان نبی اپنی اپنی جانب سے پرنم آنکھوں کے ساتھ جذبات کو قابو میں رکھتے ہوئے عازمین و زائرین سے روضہ اقدس پر صلوٰۃ و سلام پیش کرنے کی درخواست کررہے تھے۔ اس روح پرور منظر کو دیکھ کر کئی لوگوں کی آنکھیں بھی آبدیدہ ہوگئیں۔