رام بن//ضلع کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ رام بن،بٹوت،رامسو اور بانہال اور دیگر دیہی علاقوں میں نصب ہینڈ پمپ غیر فعال ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پانی کے لئے نصب کئے گئے ہینڈ پمپ کام نہیں کررہے اور متعلقہ حکام سب کچھ جاننے کے باوجود انجان بنے ہوئے ہیں جو کوئی کارروائی نہیں کررہے ۔لوگوں کاکہناہے کہ ضلع رام بن میں موسم گرما سے پہلے 50سے زائد ہینڈ پمپوں کو مرمت کرنے کی ضرورت ہے ۔ان کاکہناہے کہ اگر ان کی مرمت نہ ہوئی تو بٹوت، چندرکوٹ ،رام بن،رامسو اور بانہال میں پانی کی قلت کاسامناہوسکتاہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک ہینڈ پمپ کی تنصیب پر اوسط ایک لاکھ اسی ہزار روپے لاگت آتی ہے اوریہ امر تکلیف دہ ہے کہ اتنی بڑی رقم خرچ کرنے کے بعد بھی یہ پمپ کام نہیں کررہے ۔انہوں نے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں مداخلت کرکے ان ہینڈ پمپوں کو ٹھیک کرائیں ۔