گلمرگ// ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ محمد اعجاز اسد اور ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے آج یہاں کھیلواِنڈیا اقدام کے تحت موسم سرما کے کھیلوں کے انعقاد کے لئے کئے گئے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے متعلقہ افسران کے ساتھ ایک منعقدہ میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں ایس ایس پی بارہمولہ عبد القیوم ، سی ای او جی ڈی اے ، انعام الحق صدیقی ، سیکرٹری جے اینڈ کے سپورٹس کونسل نزہت گل ، صدروِنٹرسپورٹس ایسوسی ایشن ، صدر ہوٹیلیرس کلب کے علاوہ دیگر متعلقہ کارکنان نے بھی شرکت کی۔اِس موقعہ پر ڈی سی نے اس تقریب سے متعلق مختلف پہلوؤں کا ایک مفصل جائزہ لیا جس میں اُنہوں نے اس کو کامیابی سے انجام دینے کے لئے افسرو ں کو آپسی تال میل رکھنے کی ضرورت پر زو ر دیا۔ انہوں نے صحت ضروریات ، اقامت اور دیگر سہولیات دستیاب رکھنے پر بھی زور دیا۔ناظم سیاحت کشمیر نے محکمہ سیاحت کی جانب سے کئے گئے مختلف انتظامات کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے ایونٹ کے دوران سیاحتی شعبے میں کی جانے والی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت ہماری معیشت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔میٹنگ میں آئندہ ایونٹ کے لئے سہولیات ، اقامت اور دیگر انتظامات پر سیر حاصل بحث ہوئی۔