جموں //گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے کشمیر اور جموں صوبوں میں وافر مقدار میں غذائی اجناس، رسوئی گیس، پیٹرولیم مصنوعات اور دیگر اشیاء ضروریہ سٹاک کرنے کی ہدایت دی ہے۔مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار خوراک و شہری رسدات محکمہ، ایف سی آئی اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری خوراک و شہری رسدات ڈاکٹر عبدالرشید، ڈائریکٹر خوراک و شہری رسدات جموں جتیندر سنگھ، انڈین آئل کارپوریشن، بھارت پیٹرولیم، ہندوستان پیٹرولیم کے نمائندوں نے شرکت کی۔اشیاء خوردنی کے سٹاک اور سپلائی پوزیشن کا ضلع وار تفصیلی جائیزہ لینے کے دوران مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ ریاست کے کسی بھی حصے میں اشیاء ضروریہ کی کوئی قلت نہیں ہے اور ہر ضلع میں اشیاء خوردنی وافر مقدار میں دستیاب ہے۔مشیر موصوف نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اشیاء خوردنی کی وقت پر لفٹنگ، ٹرانسپورٹیشن، سٹوریج اور راشن کی تقسیم کاری کو یقینی بنائیں۔مشیر موصوف نے تیل کمپنیوں کو ہدایت دی کہ وہ رسوئی گیس کو وافر مقدار میں سٹاک کریں تا کہ کسی بھی خواب موسمی صورتحال میں لوگوں کو کوئی دقت پیش نہ آئے۔مشیر موصوف نے اس موقعہ پر کہا کہ محکمہ ٹریفک کو پہلے ہی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جموں۔ سرینگر قومی شاہراہ پر ایندھن اور رسوئی گیس سے لدھے ٹرکوں کی ترجیحی بنیادوں پرنقل و حمل کو یقینی بنائیں۔