موغادیشو// صومالیہ میں ایک ہوٹل پر قابض ہوکر متعدد افراد کو یرغمال بنانے والے 3 عسکریت پسند سیکیورٹی فورسز کے کمانڈو آپریشن میں مارے گئے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں مسلح افراد نے ایک ہوٹل میں گھس کر ہوٹل میں مقیم افراد کو یرغمال بنالیا۔ شدت پسندوں نے اپنے مطالبات منظور ہونے تک یرغمالیوں کو رہا کرنے سے انکار کردیا تھا۔ صومالیہ کے سیکیورٹی فورسز نے کمانڈو آپریشن میں 3 عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا اور یرغمالیوں کی بحفاظت بازیابی میں کامیاب رہے۔ ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کا تعلق شدت پسند تنظیم الشباب سے تھا۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں نے گزشتہ روز موغادیشو کے ہوٹل مکہ المکرمہ کے باہر بم دھماکا کیا تھا جس میں 29 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور اسی دوران شدت پسند ہوٹل کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔