سرینگر //شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں جونیئر ڈاکٹروں کی مسلسل ہڑتال کے نتیجہ میں مریضوں کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کیلئے فیکلٹی ممبران نے سوموار سے جراحیوں کا عمل پھر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سکمزانتظامیہ نے مریضوں کی دیکھ بھال کو کسی بھی صورت میں متاثر نہ ہونے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتظامیہ نے اُمید ظاہر کی ہے کہ سوموار کو جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم ہوجائے گی۔ شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں تیسرے رو زبھی اتوار کو مریضوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری نیم طبی عملہ انجام دے رہا تھا جبکہ فکلٹی ممبران وارڈوں کا روائنڈ لگانے میں مصرو ف تھے۔ سکمز میں جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال کی وجہ سے اگر چہ اسپتال کا شعبہ ایمرجنسی ، آئی پی ڈی، آو پی ڈی اور دیگر شعبہ جات متاثر ہوئی ہے تاہم پچھلے تین دنوں سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے مگر سکمز انتظامیہ نے سوموار سے کسی بھی صورت میں مریضوں کی دیکھ بال متاثر نہ ہونے دینے کا فیصلہ لیا ہے اور اسلئے اسپتال کی فیکلٹی نے میدان میں اتر کر سوموار سے اسپتال میں جراحیوں کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سکمز فیکلٹی فورم کے سیکریٹری ڈاکٹر سمیر نقاش نے کشمیر اعظمیٰ کو بتایا کہ فیکلٹی نے فیصلہ لیا ہے کہ سوموار کو تمام شعبہ جات کے سربراہان، پروفیسران، اسسنٹ پروفیسر اسپتال میں مریضوں کی دیکھ بھال کا سلسلہ اپنے ہاتھ میں لیں گے اور سوموار سے ہی جراحیوں کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال کی فیکلٹی نے اگر 100فیصد نہیں مگر 50فیصد کام سوموار سے بحال کرے گی۔ شیر کشمیر انسٹیچوٹ آف میڈیل سائنسز صورہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمر جاوید شاہ نے کشمیر اعظمیٰ کو بتایا ’’ مجھے اُمید ہے کہ ریاستی سرکار کے مسئلے کے ساتھ حل کے بعد جونیئر ڈاکٹر کام پر لوٹ آئیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہم نے سوموار سے کسی بھی صورت میں مریضوں کی دیکھ بھال پر اثر نہ ہونے دینے کا فیصلہ کیا ہے اور سوموار سے اسپتال میں مریضوں کی دیکھ بال کا کام بحال ہوگا۔