گاندربل//صورہ سے گاندربل مختلف علاقوں کو چلنے والا کمرشل ٹرانسپورٹ سرشام ہی معطل ہوجانے سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔صورہ سے گاندربل کے کئی علاقوں جن میں کنگن،شالہ بگ،صفاپورہ،سمبل،بٹہ وینہ،واکورہ اور تولہ مولہ شامل ہیںکیلئے پبلک ٹرانسپورٹ سرشام ہی غائب ہوجاتا ہے جس کی وجہ شہر کے مختلف علاقوںسے واپس گھر لوٹنے والے مسافروں کو شدید مشکلات درپیش آتی ہیں کیونکہ مغرب کے بعدمیٹادار اور نہ ہی سومو گاڑی میسر ہوتی ہے اور گھر پہنچنے کے لئے ذاتی گاڑی مالکان کی منت سماجت کے ساتھ ساتھ کئی کلومیٹر پیدل مسافت طے کرنی پڑتی ہے۔سرینگر میں دکان پر سیلزمین کے طور پر کام کرنے والے نونر گاندربل کے منظور احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ 6 بجے دکان سے کام مکمل کرکے گھر کی راہ لیتا ہوں، صورہ پہنچ کر اکثر بیشتر گاڑی میسر نہیں ہوتی اور کن پریشانیوںکا سامنا کرنا پڑتا ہے ،بیان سے باہر ہے۔ لوگوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ پر الزام عاید کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ لوگوں کو بہتر ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے دعویٰ تو کر رہا ہے لیکن محکمہ کے دعوے کی پول اُس وقت کھل جا ہے جب شہر کے اکثر علاقوں سے سر شام سومو اور دیگر گاڑیوں غائب ہو جاتی ہیں۔