عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ڈویژنل کمشنر جموں رمیش کمار نے انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں زون آنند جین کے ساتھ ہفتہ کو پاک گولہ باری سے متاثرہ سرحدی دیہاتوں کا دورہ کیا اور املاک کو ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر جموں سچن کمار ویشیا، ایس ایس پی جموں ونود کمار، ایس پی ہیڈکوارٹر رمنیش گپتا، ایس ڈی ایم آر ایس پورہ اور دیگر متعلقہ افسران ڈویژنل کمشنر اور آئی جی پی کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر ڈی ڈی سی ممبر سچیت گڑھ، ترنجیت سنگھ ٹونی، پی آر آئی ممبران اور مقامی لوگ بھی موجود تھے۔صوبائی کمشنراور آئی جی پی نے گاؤں بھولا چک میں متاثرہ خاندانوں سے بات چیت کی اور گولہ باری سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر جموں کو ہدایت دی کہ وہ نقصانات کا مکمل جائزہ لینے کے بعد متاثرین کو امداد فراہم کریں۔صوبائی کمشنراور آئی جی پی نے بھولا چک اور ٹریوا میں پی آر آئی ممبران اور سرحدی رہائشیوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے سرحدی عوام کو درپیش ترقیاتی تقاضوں اور دیگر مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔سماعت کے بعدصوبائی کمشنر اور آئی جی پی نے ڈپٹی کمشنر جموں کو ہدایت کی کہ وہ سرحدی لوگوں کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل کی ذاتی طور پر پیروی کریں اور انہیں مقررہ مدت میں حل کریں۔صوبائی کمشنر نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ حکومت سرحدی لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔