سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے مختلف محکموں کے آفیسران کی ایک میٹنگ کے دوران وادی میں اشیائے ضروریہ اوردیگر خدمات کی بلا خلل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کئے جارہے اقدامات کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر سرینگر،ناظم صحت کشمیر،ناظم تعلیم اور چیف انجینئر پی ڈی ڈی کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔جب کہ دیگر اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔صوبائی کمشنر نے آفیسران کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے وادی میں موسم سرما کے دوران برف ہٹانے کے کام ،واٹر لاگنگ ،بجلی اورپانی کی دستیابی،ادویات ،راشن اوردیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ میکنیکل ڈویژن کی طرف سے برف ہٹانے کے لئے 151مشینوں کو تیاری کی حالت میں رکھا گیا ہے۔جب کہ امکانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تعمیرات عامہ ،اربن لوکل باڈیز اور بی آر او بھی سڑکوں سے برف ہٹانے کے کام میں تعائون دیںگے۔بعض علاقو ں خصوصاًنگڈار ودیگر دوردراز علاقوںمیں این ایچ آر ایم کے تحت ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کا شدید نوٹس لیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ کپوارہ اور ہندوارہ کے ڈاکٹروں کو وہاں سے تبدیل کرکے اپنی اصل جگہوں پر تعینات کیا جانا چاہیے اوراگرکوئی ڈاکٹر ان ہدایات کو نظر انداز کرتا ہے تو اس صورت میںاس کی ملازمت کو برخاست کیاجانا چاہیے۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے بتایاکہ ہسپتالوں میں ادویات کا اطمینان بخش سٹاک موجود ہے اورسینٹرل ہیٹنگ سسٹم 16نومبر سے چالو ہوگا۔میٹنگ میں بتایاگیا کہ 23دنوں کے لئے ایل پی جی سٹاک ،دیڑھ ماہ کے لئے چاول جب کہ دیگر لازمی اشیأ بھی وافر مقدار میں دستیاب ہے جو کہ موسم سرما کے لئے کافی ہے۔اس موقعہ پر ناظم تعلیم نے کہا کہ امتحانات کاانعقاد احسن طریقے سے ہورہا ہے اورتمام مراکز میں گرمی کا خاطر خواہ انتظام یقینی بنایا گیا ہے۔صوبائی کمشنر نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایات دیں کہ وہ موسم سرما کے دوران دفاتر میں ملازمین کی باقاعدہ حاضری کو یقینی بنائیں۔انہوںنے عوام کی سہولیت کیلئے تمام علاقوں میں کنٹرول روموںکا قیام عمل میں لانے کی ہدایت بھی دی۔