عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ڈویژنل کمشنر وجے کمار بدھوری نے جمعہ کوکچن گارڈن، انٹیگریٹڈ مشروم ڈیولپمنٹ سینٹر اور سبزی منڈی لالمنڈی سری نگر کا دورہ کیا۔انہوںنے ربیع کی سبزیوں کے بیجوں کی فروخت کا آغاز کیا اور کچن گارڈن کے مختلف حصوں، مشروم ڈویلپمنٹ سینٹر اور لال منڈی میں سبزیوں کے مرکز کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پرصوبائی کمشنر کو مختلف سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے، بدھوری نے کہا کہ کشمیر کی ایک خاص جغرافیائی موسمی اور مٹی کے حالات ہیں جو کسانوں کو مختلف زرعی اور باغبانی فصلوں کی کچھ خاص قسمیں اگانے کی اجازت دیتے ہیں۔انہوں نے خطے میں نامیاتی غیر ملکی سبزیوں کی کاشت کی اقتصادی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سبزیاں اگانا متعلقہ کسانوں کی سماجی و اقتصادی تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے۔انہوںنے کسانوں کو ان کی زراعت/باغبانی کی سرگرمیوں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔