سرینگر //نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا نے کہا ہے کہ حکومت ریاست میں صنعتی شعبے کو فروغ اور وسعت دینے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکاری سے نوجوانوں کو روزگار فراہم ہونے کے ساتھ ساتھ ریاست کے اقتصادیات کو استحکام ملتا ہے۔ریاست کے مختلف علاقوں سے آئے صنعتکاروں کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے ریاست جموں وکشمیرکو شمال مشرقی ریاستوں کے طرز پر مراعات دئیے جانے کا معاملہ پہلے ہی وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر مرکزی لیڈروں کے ساتھ اٹھایا ہے جنہوں نے اس سلسلے میںمثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔انہوں نے ریاست خصوصاً وادی کشمیرمیں صنعتوں کو فروغ دینے کے لئے ایک مناسب ماحول قائم کرنے کے خاطر متعلقین سے تعاون طلب کیا۔ نائب وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ حکومت صنعت کاروں کے مسائل حل کرنے کے لئے قریبی تال میل سے کام کرے گی۔اس موقعہ پر موجود ریاست کے وزیر خزانہ سید محمدالطاف بخاری نے کہا کہ محکمہ خزانہ انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈیپارٹمنٹ سے وصول کی گئی تمام تجاویز پر ترجیحی طور غور کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریاست میں صنعت کاری کو فروغ دینے کی خواہاں ہے اور اس ضمن میں ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے صنعتوں کو فروغ دینے کے لئے متعلقین سے تجاویز طلب کیں۔صنعت وحرفت کے پرنسپل سیکرٹری شلیندر کمار نے ریاست میں جاری صنعتی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے صنعت کاروں کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔اس موقعہ پر محکمہ بجلی کے کمشنر سیکرٹری ہردیش کمار کے علاوہ دیگر کئی اعلیٰ افسران بھی موجو د تھے۔جے سی سی آئی کے صدر راکیش گپتا ، کے سی سی آئی کے صدر جاوید احمد ٹینگا ، ایف سی آئی کے صدر محمد اشرف میر ، ایف سی آئی جی کے چیئرمین للت مہاجن اور صنعتی انجمنو ں کے دیگر نمائندوں نے اس شعبے کو درپیش مسائل وزراء کی نوٹس میںلائے۔انہوں نے صنعتکاروں کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔