جموں //لیفٹنٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے کہا کہ کووڈ 19 وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے سماج کے تمام طبقوں کو مشترکہ طور کام کرنا ہو گا اور اس وباء سے یونین ٹیر ٹری میں رہنے والے لوگوں کو بچانا ہو گا ۔ مشیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار یہاں صنعتکاروں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جو اُن سے آج ملے اور کووڈ 19 وباء کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے کی جا رہی کوششوں کو مزید استحکام بخشنے کیلئے جے اینڈ کے ریلیف فنڈ میں اپنے عطیات پیش کئے ۔ ان صنعتکاروں کو محکمہ صنعت و حرفت نے جے اینڈ کے ریلیف فنڈ میں اپنے عطیات پیش کرنے کی تاکید کی تھی ۔ ڈائریکٹر صنعت و حرفت جموں انو ملہوترہ نے اس موقعہ پر اہم صنعتی یونٹوں کو اپنا کام کاج جاری رکھنے اور کووڈ 19 سے متعلق احتیاط برتنے کیلئے اٹھائے جا رہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ انہوں نے صنعتکاروں کی طرف سے ریلیف فنڈ میں اپنے عطیات پیش کرنے کیلئے سراہنا کی ۔ ان صنعتی گروپوں میں سرسوتی ایگرو کیمیکلز نے 5 لاکھ ، ایمچور فارما سیوٹیکلز نے 2 لاکھ روپے پیش کرنے کے علاوہ 50 ہزار ہائیڈراکسی کلورو کیوانین ٹیبلٹ ، یو فلیکس نے 15 لاکھ ، پی بی آئی انڈسٹریز نے ایک لاکھ ، امر رولر فلور ملز نے ایک لاکھ اور گروور اینڈ ویل نے 11 لاکھ روپے کی چیکیں مشیر موصوف کو پیش کیں ۔ ڈائریکٹر انڈسٹریز کامرس جموں ، جنرل منیجر ڈی آئی سی جموں اور جنرل منیجر ڈی آئی سی کٹھوعہ اس موقعہ پر موجود تھے ۔ جی ایم ڈی آئی سی کٹھوعہ نے اس موقعہ پر کہا کہ کٹھوعہ انڈسٹریل یونٹس ایسوسی ایشن کے صدر بھی جے اینڈ کے ریلیف فنڈ میں کل 15 لاکھ روپے کی چیک کا عطیہ پیش کریں گے ۔ ڈائریکٹر انڈسٹریز نے مشیر موصوف کا ان مشکل حالات میں محکمہ کی نگرانی اور حوصلہ افزائی کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا ۔ کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت منوج کمار دویدی نے یونٹ ہولڈروں کی طرف سے اس طرح کے اقدامات عمل میں لانے کی ستائش کی ۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یونٹ ہولڈر کووڈ 19 کا مقابلہ کرنے میں جاری کوششوں میں اپنا تعاون فراہم کرتے رہیں گے ۔ اس موقعہ پر صنعتکاروں نے مشیر موصوف کو اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ مشیر موصوف نے صنعتی یونٹوں کے نمائندوں کے مسائل بغور سُنے ۔ انہوں نے صنعتکاروں کو یقین دلایا کہ حکومت اُن کے جائیز مطالبات پر غور کرے گی ۔