سرینگر // حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کے بیٹے شکیل یوسف کو 10روزہ ریمانڈ پر این آئی اے کی تحویل میں دیا گیا ہے۔شکیل یوسف کو جمعرات کی صبح قریب ساڑھے 3بجے انکی رام باغ رہائش گاہ سے این آئی اے نے ایک چھاپے کے دوران حراست میں لیا اور فوری طور پر دلی پہنچایا۔جمعہ کو انہیں نئی دہلی میں این آئی اے کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہیں 10ستمبر تک ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔شکیل یوسف صورہ انسٹی چیوٹ میں سنیئر لیب ٹیکنیشن کے بطور پچھلے 30سال سے ملازمت کررہا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ صلاح الدین کے ایک اور بیٹے شاہد یوسف کو این آئی اے نے گرفتار کیا جو قریب ایک سال سے تہاڑ جیل میں زیر حراست ہیں۔صلاح الدین کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ این آئی اے کے الزامات مکمل طور پر بے بنیاد اور جھوٹ کے پلندے ہیں، بلکہ اسکی گرفتاری محض صلاح الدین پر دبائو بڑھانے کی کوشش ہے، جو پچھلے 30برسوں سے اپنے اہل خانہ سے دور ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اہل خانہ نے تین دہائیوں سے بندوق کے سائے اور خوف میں زندگی بسر کی ہے، اور صلاح الدین نے اپنے اہل خانہ کو اس وقت چھوڑا جب ہم سبھی ابھی بچے تھے۔