سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے آفیسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران 15 ستمبرسے2اکتوبر تک ’’سوچھتا ہی سیوا ‘‘قومی سطح پر جاری رہنے والی صفائی ستھرائی مہم کے سلسلے میں وادی میں کئے جارہے انتظامات کاجائزہ لیا۔میٹنگ میںایڈیشنل کمشنرکشمیر،پرنسپل جی ایم سی،ڈائریکٹر سکمز،وی سی لائوڈا،وی سی ایس ڈی اے،چیف انجینئر پی ایچ ای،جوائنٹ کمشنر ایس ایم سی،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل باڈیز،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیلتھ اور ڈی ایس پی ٹریفک کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے ۔جبکہ لیہہ اورکرگل سمیت وادی کے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ مہم کا مقصد ہر شخص کو عملی طور پر صفائی ستھرائی کے اقدامات میںشامل کرنا ،عوام کو سوچھ بھارت ابھیان سے جوڑنا اورعام لوگوں میںصاف وشفاف ماحول اورگردونواح کی پاکیزگی کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔میٹنگ کے دوران ترقیاتی کمشنروں نے اپنے متعلقہ اضلاع میں مہم کو کامیاب بنانے کے سلسلے میںکئے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔صوبائی کمشنر نے 2اکتوبر یعنی گاندھی جینتی تک 18دنوں تک جاری رہنے والی اس مہم میںمقامی لوگوں بشمول طلبأ ،سرپنچوں اور سماجی نمائندوں کو شامل کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے کہا کہ ضلع اور ریاستی سطح کی اس مہم کے دوران دفاتر،ہسپتالوں ،سکولوں،آنگن واڑی مراکز،پارکوں،بس اڈوں،گلی کوچوں اور سڑکوں ،بڑے آبی ذخائر ،عوامی بیت الخلائوں اور بازاروں وغیرہ میں صفائی ستھرائی پر ٹھوس توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے کہا کہ سیاحتی مقامات کو خاص طور سے اس مہم میں شامل کیا جانا چاہیے ۔تمام سرکاری محکموں سے کہا گیا ہے کہ وہ دفاتر اورگردونواح کی صفائی کو یقینی بنائیں۔صوبائی کمشنر نے صفائی مہم کے بارے میں لوگوں میںبیداری پیدا کرنے کے لئے وادی کے طول عرض میں ’’سوچھتا ایکسپریس‘‘ چلانے ،سیمناروں،ریلیوں،بحث ومباحثوں،مصوری اور کھیل مقابلوں کا انعقاد کرنے پر زوردیا۔انہوںنے کہا کہ کہ اس مہم کی کامیابی کے لئے بہترین کارکردگی مظاہرہ کرنے والے طلبأ اوردیگر لوگوں کو 2اکتوبر کو گاندھی جینتی کے موقع پر اعزاز سے نوازا جانا چاہیے۔انہوں نے ایس ایم سی کو کل سے ہی سیکریٹریٹ ،ہسپتالوں ،زیارت گاہوں اور10تعلیمی اداروں سے باقاعدگی کے ساتھ صفائی ستھرائی مہم کا آغاز کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے ترقیاتی کمشنروں کو اُ ن کے متعلقہ اضلاع میں قومی سطح کی اس مہم ’’سوچھتا ہی سیوا‘‘ کے تحت جاری سرگرمیوں کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے متعلقین کو مہم کی کامیابی کیلئے باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا۔